تعلیمی اداروں کے تحقیقاتی پراجکٹ کی تیاری پر امداد کا تیقن

   

جنرل منیجر نیشنل بینک فار اگریکلچر اینڈ رول ڈیولپمنٹ خواجہ اسماعیل شریف کا خطاب
حیدرآباد۔27جنوری(سیاست نیوز) کسی بھی اعلیٰ منصب پر فائز ہونے کا مطلب یہ نہیںہے کہ ہم اپنے معاشرے اور ذمہ داریوں کو نظر انداز کردیں۔ قانونی دائرے میںرہ کر دستور میں دی گئی مراعات کے تحت اپنے سماج کی مدد کرنا اعلیٰ منصب پر فائز لوگوں کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ دیگر ضرورت مندوں کے ساتھ ہم جس سماج سے تعلق رکھتے ہیں اس کو ترجیح دینے سے نہ صرف سماجی مسائل حل ہوتے ہیںبلکہ اکثریت اور اقلیت کے درمیان ترقی کاجو فاصلہ بڑھتا جارہا ہے اس کو بھی دور کیاجاسکتا ہے۔ دستوری دائرے میںرہ ملک کے بنائے ہوئے قانون پر چلتے ہوئے اپنے سماج کی خدمت کرنا کوئی برائی نہیںہے ‘ میری ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ میںاپنے سماج کی ہر ممکن خدمت کروں۔ نیشنل بینک فار اگریکلچر اینڈ رورل ڈیولپمنٹ( این اے بی اے آر ڈی)کے جنرل منیجر جناب خواجہ اسماعیل شریف نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وہ آج یہاں کرسٹل بنجارہ ‘ مانصاحب ٹینک میں ان کے اعزاز میں گلوبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز( جی سی سی آئی) کے زیراہتمام منعقدہ تہنیتی تقریب سے مخاطب تھے۔ صدر جی سی سی آئی غلام احمد کے علاوہ رکن سدھیر کمیشن ‘ حکومت تلنگانہ جناب عبدالباری‘ پروفیسر مسعود‘ جناب احمد علی‘ جناب محمد شریف اور دیگر نے خواجہ اسماعیل شریف کو مبارکباد پیش کی ۔اسماعیل شریف نے کہاکہ بطور جنرل منیجر این اے بی اے آر ڈی میری یہی کوشش رہے گی کہ جو لوگ مجھ سے رجوع ہوں ان کی ہرممکن مدد کرسکوں۔ انہو ںنے کہاکہ این اے بی اے آر ڈی میرے لئے کوئی نیا ادارہ نہیںہے ۔میںاس ادارے سے 1986سے جڑا ہوا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ مالی امداد کے طور پر ریسرچ کے پروگراموں کے لئے این اے بی اے آرڈی سالانہ سو کروڑ روپئے مختص کرتا ہے ۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ کوئی تحقیقاتی پراجکٹ تیار کرکے این اے بی اے آر ڈی سے رجوع ہوتے ہیں تو فنڈز کی اجرائی میں انہیں ہر ممکن مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اقلیتی بہبود کے اداروں کی فلاحی اسکیمات کے متعلق شعور بیداری کے لئے بھی این اے بی اے آر ڈی کی جانب سے مالی امداد کا بھروسہ دلایا۔ جنا ب عبدالصمد کے شکریہ پر تقریب کااختتام عمل میںآیا اور کاروائی ڈاکٹر حسیب اللہ نے چلائی۔