نظام آباد: 12/ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع انٹرمیڈیٹ تعلیمی افسر ٹی روی کمار نے خانگی اور کارپوریٹ جونیئر کالجوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر طلبہ کو فیس بقایاجات کے نام پر ٹرانسفر سرٹیفکیٹ (TC)، بونافائیڈ اور دیگر ضروری تعلیمی اسناد جاری نہ کرکے ہراساں کیا گیا تو انٹرمیڈیٹ بورڈ کمشنر کی ہدایات کے مطابق متعلقہ کالجوں کی منظوری منسوخ کرنے سمیت سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ رواں سال مارچ کے سالانہ اور مئی کے سپلیمنٹری امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے درکار تمام اسناد فوری طور پر فراہم کرنا کالج انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ کسی بھی صورت میں طلبہ کو سرٹیفکیٹس کے اجرا میں رکاوٹیں پیدا کرنا انٹرمیڈیٹ بورڈ کے قواعد کی صریح خلاف ورزی ہے۔ضلع انٹرمیڈیٹ تعلیمی افسر نے طلبہ اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ اگر کسی نجی یا کارپوریٹ کالج کی جانب سے سرٹیفکیٹس کے اجرا میں تاخیر یا ہراسانی کا سامنا کرنا پڑے تو وہ فوری طور پر ضلع انٹرمیڈیٹ تعلیمی دفتر میں شکایت درج کرائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کالجوں کے خلاف انٹرمیڈیٹ بورڈ کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے سخت قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔