محبوب نگر بوئے پلی علاقہ میں اقلیتی اقامتی گرلز اسکول و ہاسٹل کا افتتاح اور خطاب
محبوب نگر ۔ 21 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) درخشاں مستقبل تعلیم کے بغیر ہرگز حاصل نہیں ہوسکتا۔ طلباء اس بات کو اچھی طرح ذہن نشین کرلیں اور یکسوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کرکے اونچے مقام پر فائز ہوجائیں۔ یہ مشورہ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے دیا۔ وہ اتوار کے دن مستقر محبوب نگرکے بوئے پلی علاقہ میں 20 کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کردہ تلنگانہ مائناریٹی ریسیڈنشیل گرلز اسکول کی جدید عمارت اور 2 کروڑ 10 لاکھ کی لاگت سے تعمیر کردہ گرلز ہاسٹل کی عمارت کا افتتاح کیا۔ ان کے ہمراہ گورنمنٹ وہپ و مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی بھی موجود تھے۔ اظہرالدین نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی دانشمندانہ قیادت میں حکومت ، اقلیتی طلباء کو تمام تر سہولتیں مہیا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ یہاں کی طالبات آئی اے ایس اور آئی پی ایس کیلئے بھی منتخب ہوجائیں۔ ینم سرینواس ریڈی نے خطاب میں کہا کہ سابق حکومت میں اقلیتی اسکولس کیلئے ذاتی عمارتیں نہیں تھیں۔ طلباء و تکالیف کا سامنا تھا۔ چیف منسٹر کی کوششوں سے مرکزی حکومت سے فنڈ حاصل کرکے اداروں کی تعمیر ممکن ہوسکی۔ محبوب نگر کی رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت اقلیتوں کے بشمول تمام طبقات کی بہبود میں مصروف ہے۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ حکومت سہولتوں سے بھرپور استفادہ کرکے نمایاں کامیابی حاصل کریں ۔ انہوں نے آئندہ بھی اسکول فنڈز کی بڑے پیمانے پر منظوری کا تیقن دیا۔ اس موقع پر ٹمریز کے نائب چیرمین فہیم قریشی، ٹی ایم ایف سی چیرمین عبیداللہ کوتوال، ضلع کلکٹر خوشبو گپتا، میئر جی ممتا، ڈپٹی میئر ایم سریندر ریڈی، سوسائٹی سیکریٹری شفیع اللہ، عوامی نمائندے و دیگر موجود تھے۔