تلاشی مہم کے دوران موٹر کار نے پولیس کانسٹبل کو ٹکر ماردی ، کانسٹبل شدید زخمی

   

حیدرآباد : /20 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ چلکل گوڑہ میں پیش آئے ایک واقعہ میں پولیس چیک پوسٹ پر تلاشی میں مصروف ایک پولیس کانسٹبل کو تیز رفتار کار نے ٹکر دیدی ۔ حالانکہ یہ واقعہ 2 دن قبل پیش آیا لیکن یہ منظر کا سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر آج وائرل ہونے پر سنسنی پھیل گئی ۔ تفصیلات کے مطابق چہارشنبہ کی صبح کی اولین ساعتوں میں چلکل گوڑہ ٹریفک پولیس اسٹیشن سے وابستہ کانسٹبل مہیش ڈیوٹی پر تعینات تھا اور وہ تلاشی مہم میں مصروف تھا ۔ مخالف سمت سے آنے والی ایک کار کی نشاندہی کرنے کے بعد پولیس کانسٹبل نے اس کار کو روکنے کی کوشش کی لیکن کار ڈرائیور نے تیز رفتاری سے کار چلاتے ہوئے پولیس کانسٹبل کو ٹکر دے کر وہاں سے فرار ہوگیا ۔ اس حادثہ میں ٹریفک کانسٹبل مہیش شدید زخمی ہوگیا اور اسے فوری دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس چکڑ پلی نے تیز رفتاری اور انتہائی لاپرواہی سے گاڑی چلانے والے کار ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور سی سی ٹی وی کے ذریعہ کار کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔