29 فروری کو بی جے پی امیدواروں کی پہلی فہرست کی اجرائی کا امکان
حیدرآباد۔ 25 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کا دہلی میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ 29 فروری کو لوک سبھا انتخابات کے لئے پہلی فہرست جاری ہونے کا امکان ہے۔ دہلی میں بی جے پی کے ہیڈکوارٹرس پر تلنگانہ بی جے پی قائدین کا اجلاس طلب کیا گیا، اس اجلاس میں تلنگانہ سے جی کشن ریڈی بنڈی سنجے، ڈی کے ارونا، ایٹالہ راجندر، جتیندر ریڈی، ڈاکٹر لکشمی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ ذرائع کے بموجب جی کشن ریڈی نے تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں کے لئے 50 دعویداروں کی فہرست جے پی نڈا کے حوالے کی ہے۔ امیت شاہ نے تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی انتخابی مہم چلانے کے لئے روڈ میاپ کو بھی قطعیت دی گئی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ مارچ کے پہلے ہفتہ میں تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ بی جے پی کے چیف منسٹرس اور مرکزی وزراء کے ساتھ تلنگانہ میں بی جے پی کی انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جے پی نڈا نے تلنگانہ کے بی جے پی کے قائدین کو بتایا کہ 29 فروری کو دہلی میں بی جے پی پارلیمنٹری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ 2
جس میں دوسری ریاستوں کے ساتھ تلنگانہ کے چند بی جے پی امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔ بی جے پی قیادت نے تلنگانہ میں بی جے پی کو زیادہ سے زیادہ حلقوں پر کامیاب بنانے کے لئے پارٹی کے قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ 2