تلنگانہ سرحد کے قریب بیجاپور میں انکاؤنٹر ۔ تین نکسلائیٹس ہلاک

   

انکاؤنٹر کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی ذمہ دار ۔ ماؤیسٹ لیڈر آزاد کا الزام
حیدرآباد 6 اپریل ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کی سرحد سے ملنے والے چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور کے گھنے جنگلاتی علاقہ میں ہوئے ایک انکاؤنٹر میں تین نکسلائیٹس ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ یہ انکاؤنٹر بیجاپور ضلع میں تلنگانہ ۔ چھتیس گڑھ سرحد کے قریب پوجاری کنکیر جنگلات کے علاقہ میں ہوا ۔ عہدیدار نے بتایا کہ تلنگانہ کی مخالف نکسلائیٹس فورس گرے ہاونڈز اس علاقہ میں ایک آپریشن پر تھی اور اس دوران انکاؤنٹر پیش آیا ۔ عہدیدار نے بتایا کہ چھتیس گڑھ پولیس کی ایک ٹیم بھی اس وقت علاقہ میں موجود تھی تاکہ گرے ہاونڈز کی ٹیم کو ضرورت پر مدد دی جاسکے ۔ عہدیدار نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین نکسلائیٹس ہلاک ہوگئے اور ہتھیار بھی اس مقام سے ضبط کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میںتلاشی مہم بھی شروع کردی گئی ہے ۔ جاریہ ہفتے کے اوائل میںچھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع ہی میں سکیوریٹی فورسیس کے ساتھ تصادم میں جملہ 13 نکسلائیٹس ہلاک ہوگئے تھے جن میں تین خواتین بھی شامل تھیں۔ اس دوران ماؤیسٹ بی کے ۔ اے ایس آر ڈویژن کمیٹی سکریٹری آماد نے اس انکاؤنٹر اور تین نکسلائیٹس کی ہلاکتوں کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس پارٹی کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ بعض میڈیا کو جاری ایک بیان میں آزاد نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ گرے ہاونڈز کی جانب سے مخالف نکسلائیٹ آپریشن شروع کیا گیا تھا اور بیجاپور پولیس بھی وہاں موجود تھی ۔ اس آپریشن کی وجہ سے انکاؤنٹر ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ’ غدار ‘ نے پولیس کو یہ اطلاع دی تھی ۔