کارکنوں کو تیار رہنے ریونت ریڈی کا مشورہ، گاندھی بھون میں عالمی یوم خواتین تقریب
حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ آئندہ 12 ماہ میں اسمبلی انتخابات کیلئے تیار رہیں۔ گاندھی بھون میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ سماج میں تبدیلی اور ترقی میں خواتین اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو اہمیت دی ہے۔ ہمیشہ خواتین کو مناسب تعداد میں الیکشن میں حصہ لینے کا موقع دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا تلنگانہ میں اقتدار یقینی ہے جس کے لئے خواتین کو ابھی سے تیاری کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے برسراقتدار آنے پر کابینہ میں 4 خواتین کو نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز و ریاست میں کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد اندرون 6 ماہ خواتین تحفظات بل کو منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے قانون ساز اداروں میں خواتین کو تحفظات کی مساعی کی لیکن نریندر مودی حکومت اس کے لئے تیار نہیں تھی۔ علحدہ تلنگانہ تحریک میں خواتین نے اہم رول ادا کیا۔ سونیا گاندھی، سشما سوراج اور میرا کمار کی مساعی کے نتیجہ میں تلنگانہ ریاست تشکیل پائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے خواتین کی بھلائی اور ترقی کو فراموش کردیا ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں کانگریس نے 6 خواتین کو کابینہ میں شامل کیا تھا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس ایس کی شکست یقینی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں وسط مدتی انتخابات ہوں گے جس کی ہمیں ابھی سے تیاری کرنی چاہیئے۔ ریونت ریڈی نے اس موقع پر کیک کاٹا۔ رکن اسمبلی سیتکا، سابق رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی، مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ ر