مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ بی سی کمیشن کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد ۔26۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی سی طبقات کی مردم شماری کے عمل کا عنقریب آغاز ہوگا اور تلنگانہ بی سی کمیشن اس سلسلہ میں حکمت عملی طئے کر رہا ہے۔ تلنگانہ بی سی کمیشن کے صدرنشین جی نرنجن نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ صدرنشین اور ارکان نے چیف منسٹر کو بی سی مردم شماری کے طریقہ کار کو طئے کرنے کے اقدامات سے واقف کرایا ۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ میں بی سی طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلانے کیلئے جامع سروے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے بی سی کمیشن کو مشورہ دیا کہ دیگر ریاستوں میں بی سی سروے کے طریقہ کار کا جائزہ لیں اور تلنگانہ میں ایک جامع مردم شماری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بی سی کمیشن سے فوری طور پر ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے پیشرفت کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے مردم شماری کی جلد تکمیل کے لئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ تلنگانہ میں بی سی طبقات کی مردم شماری کے بعد حکومت مجالس مقامی کے انتخابات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ پنچایت راج اداروں میں بی سی طبقات کے تحفظات میں اضافہ کیلئے مردم شماری ضروری ہے۔ کمیشن کے صدرنشین جی نرنجن نے چیف منسٹر کو بتایا کہ انہوں نے مردم شماری کے آغاز کے لئے کمیشن کے سابق صدور نشین اور ارکان سے مشاورت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مردم شماری کی جلد تکمیل کیلئے حکومت کی جانب سے عہدیداروں اور ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ایکشن پلان پیش کیا جائے گا ۔ نرنجن کے مطابق مختلف بی سی تنظیموں نے مردم شماری کے سلسلہ میں کمیشن سے نمائندگی کی ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں بی سی طبقات تحفظات میں اضافہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ وہ پنچایت راج اداروں میں 40 فیصد تحفظات کی مانگ کر رہے ہیں ۔ 1