ڈیٹا سنٹر مینوفیکچرنگ یونٹس اور آرٹیفیشل انٹلیجنس مراکز کا قیام، عہدیداروں کی چیف منسٹر سے ملاقات
حیدرآباد ۔23۔جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ورلڈ اکنامک فورم سمٹ کے موقع پر کئی اہم اداروں کے ساتھ معاہدے کئے ہیں جن کے تحت تلنگانہ میں ڈیٹا سنٹرس ، خودکار ایریل سسٹم تیاری یونٹ اور آرٹیفیشل انٹلیجنس سنٹر قائم کئے جائیں گے۔ بلیک اسٹون کمپنی نے 4500 کروڑ سے حیدرآباد میں اسٹیٹ آف آرٹ ڈیٹا سنٹرس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کے معاملہ میں عالمی سطح پر شہرت رکھنے والی بلیک اسٹون کمپنی نے حیدرآباد میں ڈیٹا سنٹر ایکو سسٹم ٹکنالوجی کے فروغ کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 150 میگاواٹ صلاحیت کا ڈیٹا سنٹر قائم کیا جائے گا ۔ بلیک اسٹون کے عہدیداروں نے تلنگانہ حکومت کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ مجوزہ ڈیٹا سنٹر میں برقی اور اس سے مربوط دیگر شعبہ جات میں نئی پیشرفت ہوگی۔ بلیک اسٹون اور جے سی کے گروپ کے عہدیداروں نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو سے ملاقات کی۔ جندال گروپ جے ایس ڈبلیو یو اے وی لمٹیڈ نے خودکار ایریل سسٹم مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام معاہدہ کیا۔ امریکی ڈیفنس ٹکنالوجی کمپنی کے اشتراک سے پراجکٹ پر 800 کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائے گی ۔ کمپنی 200 سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔ اڈوانس ٹکنالوجی انویسٹمنٹ کے شعبہ میں یہ اہم پیشرفت ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کمپنی کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ تلنگانہ حکومت نے ٹل میان گلوبل ہولڈنگس کمپنی سے 15000 کروڑ کی سرمایہ کے سلسلہ میں معاہدہ کیا ہے۔ امریکی کمپنی 300 میگاواٹ صلاحیت والے ڈیٹا سنٹر کا حیدرآباد میں قیام عمل میں لائے گی۔ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے شعبہ میں یہ کمپنی اہم رول ادا کرسکتی ہے ۔ ٹل میان گلوبل ہولڈنگس کے صدر سچت آہوجہ نے تلنگانہ حکومت کے ساتھ اشتراک پر مسرت ظاہر کی۔ اسی دوران ارسا کلسٹرس نامی ادارہ نے حیدرآباد میں آرٹیفیشل انٹلیجنس ڈیٹا سنٹر کے قیام کا معاہدہ کیا ہے۔ امریکی ڈیٹا سنٹر کمپنی کے عہدیدار ستیش ابوری اور ایرک وارنر نے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر ارسا کلسٹرس پندورتی نے بتایا کہ 100 میگاواٹ کی صلاحیت پر مبنی ڈیٹا سنٹر کے لئے 5000 کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔1