تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی

   

15 جنوری تک ناموں کی شمولیت اور اعتراضات داخل کرنے کی سہولت
حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے کہاکہ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کا عمل مکمل ہونے کے بعد 7 فبروری کو قطعی فہرست رائے دہندگان کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی پروگرام 2020 کے ایک حصہ کے طور پر گزشتہ ماہ 16 ڈسمبر کو مسودہ فہرست رائے دہندگان جاری کیا گیا تھا۔ جاریہ ماہ 15 جنوری تک مسودہ فہرست رائے دہندگان پر اعتراضات پیش کرنے کے علاوہ نئے ووٹروں کے نام درج کروانے کیلئے درخواستیں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ووٹروں کے ناموں و تفصیلات میں پائی جانے والی غلطیوں کی تصحیح وغیرہ کرنے کیلئے نمائندگیوں کوقبول کیا جائے گا۔ رجت کمار نے بتایا کہ جاریہ ماہ25 جنوری کو ’’ یوم قومی رائے دہندگان ‘‘ پروگرام منظم کیا جائے گا۔ اس اجلاس کے دوران بتایا جاتا ہے کہ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں نئے ناموں کو درج کروانے کیلئے ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلانے اور فرضی ووٹروں کے ناموں کو ووٹر لسٹ سے حذف کروانے ( نکلوانے ) کی سیاسی نمائندوں سے پرزور خواہش کی۔چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی اور دیگر بلدی انتخابات کے ضمن میں ضلع عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس کی۔