عہدیداروں کو پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت ، وزیر کونڈا سریکھا کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔22۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور قدرتی وسائل کو نقصان کے بغیر سیاحتی مقامات کے فروغ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر جنگلات و ماحولیات محترمہ کونڈا سریکھا نے آج ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کے لئے تشکیل دی گئی مشاورتی کمیٹی کے ذمہ داروں کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عالمی سطح پر ریاست میں موجود ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تلنگانہ میں ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کی پالیسی تیار کریں اور جامع پالیسی کے ساتھ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اسے منظوری حاصل کی جائے گی۔ محترمہ کونڈا سریکھا نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے Eco-Tourism کے فروغ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات دراصل جنگلاتی علاقوں کے ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر انہیں سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینا ہے۔ انہوں نے اجلاس کے دوران بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں 40 ماحولیاتی سیاحت کے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ 12 مختلف سرکٹس میں موجود ہیں اس کے علاوہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مزید مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں واقف کروائیں۔ ریاستی وزیر جنگلات و ماحولیات نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کے ذریعہ ان جنگلات کے قریب رہنے والوں کے لئے روزگار کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے اور ان مقامات کو ترقی دیتے ہوئے سیاحوں کو راغب کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔عہدیداروں نے اجلاس کے دوران انہیں اوڈیشہ اور کرناٹک میں حکومتوں کی جانب سے ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ان دو ریاستوں میں حکومت کی نگرانی میں ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات مثالی ہیں۔ وزیر جنگلات نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دونوں ریاستوں کی ماحولیاتی سیاحتی پالیسی کا مشاہدہ کرتے ہوئے تلنگانہ کے لئے اس سے بہتر پالیسی کی تیاری عمل میں لائیں تاکہ حکومت کی جانب سے اس پر عمل کرتے ہوئے اسے فروغ دینے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ اس پالیسی کی تیاری کے دوران جن مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ان مقامات کو ترقی دینے کا عمل شروع کیا جانا چاہئے تاکہ ریاست میں ماحولیاتی سیاحت کا احیاء عمل میں لایا جاسکے ۔ محترمہ کونڈا سریکھا نے پیشرو حکومت کی جانب سے ماحولیاتی سیاحت کی پالیسی کی تیاری کے نام پر 10 سال گذار دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پیشرو حکومت کی جانب سے ماحولیاتی سیاحت کو نظر انداز کئے جانے کے سبب جنگلاتی علاقوں کی ترقی نہیں ہوپائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس حکومت قدرت سے چھیڑ چھاڑ کے بغیر ریاست میں ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کرے گی۔3