تلنگانہ میں می سیوا سنٹرس سے سوشیل میڈیا ایڈورٹائزنگ خدمات کا آغاز

   

واٹس ایپ ، انسٹاگرام اور فیس بک پر اشتہارات کی خدمات
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے ریاست میں ڈیجیٹل کاروبار اور دیہی تجارت کو ایک نیا موڑ دینے کیلئے ایک انتہائی اختراعی پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔ عالمی ٹکنالوجی کمپنی میٹا (Meta) جو فیس بک ۔ انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سرپرست کمپنی ہے کے ساتھ مل کر ریاست کے می سیوامراکز کو ’ ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ ہب ‘ میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ اس نئے اور منفرد پروگرام کا بنیادی مقصد چھوٹے اور متوسط تاجروں ، دستکاروں اور مقامی کاروباریوں کو ایسی خدمات فراہم کرنا ہے جن کے ذریعے وہ اپنے پراڈکٹس اور خدمات کی تشہیر مقبول ترین سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر آسانی سے کرسکیں ۔ پہلے مرحلے میں ریاست بھر سے انتخاب کردہ 150 می سیوا وی ایل اوز کو خصوصی تربیت دی جائے گی ۔ اس ٹریننگ کے تحت مینجرس کو واٹس ایپ بزنس کے اثر انگیز استعمال ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور انسٹاگرام و فیس بک پر سوشیل میڈیا ایڈورٹائزنگ مہم چلانے اور منظم کرنے کی باریکیاں سکھائی جائیں گی ۔ اس اقدام سے دیہی اور نیم شہری علاقوں کے چھوٹے تاجروں کو ایجنسیوں کے چکر لگائے بعیر انتہائی کم قیمت پر اپنے ہی علاقے کے می سیوا سنٹرس کے ذریعے پروفیشنل انداز میں ڈیجیٹل اشتہار دینے کا موقع ملے گا ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ پروگرام نہ صرف مقامی تاجروں کے کاروبار میں وسعت لائے گا بلکہ می سیوا مراکز کے منیجرس کیلئے بھی اضافی آمدنی کے مستقل اور بہترین راستے بھی کھولے گا ۔ اس پہل کو ریاست تلنگانہ میں ڈیجیٹل بزنس ایکو سسٹم کی مضبوطی کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جارہا ہے ۔۔ 2/k/b