تلنگانہ میں کانگریس کو 10 اور بی جے پی کو 4 نشستوں پر کامیابی

   

انٹلیجنس کی رپورٹ میں انکشاف، بی آر ایس کو دو نشستوں کا امکان
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا چناؤ کے سلسلہ میں تمام اہم پارٹیوں نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ برسر اقتدار کانگریس کے علاوہ بی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے زیادہ سے زیادہ نشستوں پر کامیابی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ تینوں پارٹیوں نے خانگی اداروں کے ذریعہ سروے کا اہتمام کرتے ہوئے امیدواروں کا انتخاب کیا ہے ۔ ریاست میں کانگریس کو برسر اقتدار آئے محض تین ماہ گزرے ہیں ، لہذا پارٹی ٹکٹ کے خواہشمندوں کی کوئی کمی نہیں۔ دوسری طرف اپوزیشن بی آر ایس کے کئی قائدین نے لوک سبھا چناؤ میں حصہ لینے سے گریز کیا ہے۔ پارٹی کی پیشکش کے باوجود کئی قائدین نے مقابلہ سے دوری اختیار کرلی۔ بی جے پی کو بھی امیدواروں کے انتخاب میں دشواری پیش آئی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جنوبی ریاستوں پر توجہ مرکوز کی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا مظاہرہ بہتر رہے گا۔ یوں تو خانگی اداروں اور ٹی وی چیانلس کے اوپینین پول میں کانگریس کو زائد نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے لیکن بی جے پی اور بی آر ایس نے اوپنین پولس کو مسترد کردیا ہے ۔ اسی دوران انٹلیجنس کی جانب سے حکومت کو سروے رپورٹ پیش کی گئی جس میں کانگریس کو 17 کے منجملہ 10 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ۔ بی جے پی کو 4 اور بی آر ایس کو 2 نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں۔ مجلس کو اپنی روایتی نشست حیدرآباد سے کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی لیکن انٹلیجنس نے مجلسی امیدوار کی اکثریت میں واضح کمی کا اشارہ دیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق انٹلیجنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر کانگریس پارٹی حالیہ دنوں میں عمل کی گئی ضمانتوں کی بہتر انداز میں تشہیر کرتی ہے تو اسے مزید دو نشستوں پر کامیابی ملے گی اور جملہ 12 نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں۔ انٹلیجنس نے بی آر ایس کی مقبولیت میں تیزی سے کمی کا اشارہ دیا ہے ۔ لوک سبھا چناؤ میں بی جے پی دوسرے مقام پر رہے گی جبکہ بی آر ایس کو جس نے 10 برسوں تک حکمرانی کی ہے ، تیسرا مقام حاصل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پرانے شہر میں گزشتہ اسمبلی چناؤ میں رائے دہی کے رجحان کی بنیاد پر انٹلیجنس نے دعویٰ کیا ہے کہ مجلسی امیدوار کو حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے کم اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی کیونکہ پرانے شہر کے رائے دہندوں میں الیکشن سے متعلق کوئی خاص دلچسپی نہیں ہے۔ 1