تلنگانہ میں کانگریس کے 8 امیدواروں کے انتخاب پر سرگرم مشاورت

   

ریونت ریڈی کا مجوزہ دورہ دہلی، کھمم نشست کیلئے تین وزراء میں مسابقت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں لوک سبھا کی 8 نشستوں کے لئے امیدواروں کے اعلان میں کسی قدر تاخیر کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی نے 17 لوک سبھا حلقوں کے منجملہ 9 حلقہ جات کے لئے دو مراحل میں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ باقی 8 حلقہ جات کے امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں پارٹی قائدین میں کافی مسابقت پائی جاتی ہے ، لہذا ہائی کمان نے تلنگانہ کی باقی نشستوں کے بارے میں سنٹرل الیکشن کمیٹی میں دوبارہ غور کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کمیٹی کے ارکان کو دہلی آنے کی دعوت دی گئی ہے ۔ ریونت ریڈی نے تمام 17 حلقہ جات کیلئے امیدواروں کے ناموں کی ہائی کمان سے پہلے ہی سفارش کردی ہے ۔ کھمم ، نظام آباد ، محبوب آباد ، عادل آباد اور دیگر حلقہ جات کے لئے پارٹی میں کئی دعویدار ہیں۔ کھمم لوک سبھا نشست کیلئے تین ریاستی وزراء میں سخت مقابلہ ہے اور تینوں اپنے اپنے رشتہ داروں کو ٹکٹ دلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ اور وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے اس نشست کیلئے اپنے قریبی رشتہ داروں کے نام پیش کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہولی تہوار تک باقی ناموں کو ہائی کمان قطعیت دے گا۔ واضح رہے کہ پہلے مرحلہ میں چار اور دوسرے مرحلہ میں پانچ حلقہ جات کیلئے امیدواروں کا اعلان کیا گیا ۔ 1