تلنگانہ میں کورونا کا کمیونٹی ٹرانسمیشن، آئندہ پانچ ہفتے سنگین رہیں گے

,

   

ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کا اعتراف، عوام کو سخت چوکسی کا مشورہ
حیدرآباد : تلنگانہ کے ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن رمیش ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کا کمیونٹی ٹرانسمیشن شروع ہوچکا ہے۔ ان حالات میں آئندہ 4 تا 5 ہفتوں میں صورتحال سنگین رہے گی۔ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے کورونا کی سنگین صورتحال سے عوام کو واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا کا پھیلاؤ کمیونٹی ٹرانسمیشن تک پہنچ چکا ہے ۔ حیدرآباد میں کیسیس کی تعداد کسی قدر کم ہوئی ہے لیکن دیگر علاقوں میں وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سخت چوکسی اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال اس قدر سنگین ہیں کہ سابق میں کبھی نہیں رہی۔ کورونا وباء کی صورتحال میں ڈاکٹرس اور طبی عملہ پر بھی کافی دباؤ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 4 تا 5 ہفتے تکلیف دہ رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی علامات پائے جانے پر عوام کو فوری ٹسٹ کروانا چاہئے ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کا فوری علاج بہتر رہے گا اور دوسروں کو کورونا سے بچانے میں مددملے گی۔ واضح رہے کہ حکومت ریاست میں کورونا کی صورتحال کو قابو میں قرار دے رہی ہے لیکن ڈائرکٹر پبلک ہیلت کے بیان سے سنگین صورتحال کا اظہار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر رمیش ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پرائمری ہیلت سنٹرس پر کورونا ٹسٹوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ عدالت نے روزانہ درخواستوں کے ادخال سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو ڈکٹرس اور طبی عملہ سے تعاون کرنا چاہئے ۔ سرکاری دواخانوں میں 6,500 بستر خالی ہیں اور ضلع ہیڈکوارٹرس پر کورونا کے علاج کا انتظام کیا گیا ہے۔ صرف ناگزیر صورتحال پر مریضوں کو حیدرآباد آنا چاہئے۔ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا یا پھر اس کی علامات کی صورت میںخانگی دواخانوں سے رجوع ہونے کی بجائے سرکاری دواخانوں کو ترجیح دیں کیونکہ یہاں خانگی خانوں کی طرح بھاری خرچ نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ انتہائی معمولی سی علامات بھی ظاہر ہونے لگیں تو عوام کو سرکاری دواخانوں سے رجوع کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی اینٹی بائیوٹکس اور وٹامن کے ذریعہ اس کا علاج کیا جاسکتا ہے ۔