گھر گھر سروے کے بعد اہل افراد کی تعداد میں مزید اضافہ کا امکان ، ڈیلرس کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : محکمہ سیول سپلائز نے ریاست میں 500 روپئے میں سیلنڈر کی سربراہی کے لیے تیاریاں کرلینے کی گیس ڈیلرس کو احکامات جاری کئے ہیں ۔ کابینہ کے سب کمیٹی کے جمعرات کو منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس مسئلہ پر گیس ڈیلرس سے تبادلہ خیال کرنے کی ہدایت دی ہے جس کے بعد محکمہ سیول سپلائز نے ایک ایمرجنسی اجلاس طلب کیا ہے ۔ جس میں تلنگانہ کے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرس اسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ سیول سپلائز بھون میں یہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اس اجلاس میں کمشنر سیول سپلائز ڈی ایس چوہان ، دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اس اسکیم پر عمل آوری کے لیے حکومت ڈیلرس کو دی جانے والی سبسیڈی کی رقم ایک قومی بنک میں جمع کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ریاست میں 1.20 کروڑ گیس کنکشنس ہیں جن میں راشن کارڈس رکھنے والوں کی تعداد 89.99 لاکھ ہے ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق 39.50 لاکھ افراد گیس سبسیڈی کے لیے اہل قرار دئیے گئے ہیں ۔ گھر گھر سروے مکمل ہونے کے بعد اہل افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ محکمہ سیول سپلائز نے ڈیلرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اہل صارفین کو 500 روپئے میں گیس سیلنڈر فراہم کریں ۔ یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ ماباقی رقم حکومت ادا کرے گی ۔ حکومت کی اس تجویز سے ڈیلرس نے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے ۔ ڈیلرس اسوسی ایشن کے نمائندوں نے اپنے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو چند تجاویز بھی پیش کیا ہے ۔ محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں نے ڈیلرس کو مالی مسائل سے محفوظ رکھنے کے لیے کچھ رقم بطور اڈوانس دینے کی بھی تجویز پیش کی ہے ۔ باقی رقم سیلنڈرس کے تقسیم کی بنیاد پر ادا کی جائے گی ۔ اس اجلاس میں ڈیلرس اسوسی ایشن کے صدر جگن موہن ریڈی ، سکریٹری سری چرن ، خازن ایلاریڈی ، گریٹر حیدرآباد صدر اشوک کمار کے علاوہ دیگر ارکان اور ساتھ ہی قومی بنک کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے ۔۔ 2