تلنگانہ میں 47 ہزار ٹن سے زائد تور کی خریدی ، لوک سبھا میں وزیر زراعت کا بیان

   

حیدرآباد ۔3۔ مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے لوک سبھا میں بتایا کہ تلنگانہ حکومت کی اپیل پر مرکز نے 47500 میٹرک ٹن تور خریدنے کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی جانب سے تور کی خریدی کے سلسلہ میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہا کہ تلنگانہ میں 2.07 لاکھ ٹن تور کی پیداوار کا اندازہ قائم کیا گیا ہے ۔ فوڈ کارپوریشن اور نیفڈ کے ذریعہ اقل ترین امدادی قیمت کی ادائیگی کے بعد تور کو خریدا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی کنٹل 5800 روپئے ادا کئے جارہے ہیں ۔ گزشتہ سال کے مقابلہ 125 روپئے زائد ادا کئے جارہے ہیں۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ 22 فروری تک 45500 میٹرک ٹن تور حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور حکومت کی نمائندگی پر خریداری میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ 51625 میٹرک ٹن کی خریدی اور اقل ترین امدادی قیمت کی ادائیگی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کسانوں کو درپیش مسائل کا ذکر کیا اور کہا کہ تور کی عدم خرید کے نتیجہ میں کسان معاشی بحران کا شکار ہوسکتے ہیں ۔