تلنگانہ وقف بورڈ کی آمدنی اور اخراجات کو منظوری

,

   

آمدنی میں اضافہ کے اقدامات پر غور ، صدرنشین الحاج محمد سلیم کی پریس کانفر نس

حیدرآباد۔5فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی آمدنی اور اخراجات کو بورڈ اجلاس میں منظوری دے کر بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ جناب الحاج محمد سلیم صدرنشین وقف بورڈ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سال 2017-18 کے دوران وقف بور ڈکی آمدنی 19 کروڑ 75لاکھ 28ہزار 241رہی اور اخراجات 19کروڑ 2لاکھ 98ہزار222 رہے اور 2018-19 کے 6ماہ کے دوران آمدنی 17کروڑ 58لاکھ 44ہزار20 روپئے رہی جبکہ 15کروڑ 64 لاکھ 20 ہزار 399 روپئے خرچ کئے گئے ۔ الحاج محمد سلیم نے بتایا کہ بورڈ کے پاس فی الحال 72لاکھ 29 ہزار 992 روپئے فاضل رقم موجود ہے جبکہ بورڈ کی جانب سے بینکوں میں جمع جملہ فکسڈ ڈپازٹ ہ کا جائزہ لیاجائے تو یہ رقم 29کروڑ 46لاکھ 76ہزار 841ہوتی ہے جس میں 18کروڑ 53 لاکھ روپئے کے فکسڈ ڈپازٹس ہیں۔ بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بورڈ کی خاتون رکن کی نگرانی میں دو لاء آفیسر س کا تقرر کیا جائے اور تقرر کیلئے اعلامیہ جاری کیا جائیگا ۔ وقف بورڈ میں پہلی مرتبہ بورڈ کی آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات کو پیش کرکے منظوری دی گئی اور کہا جا رہاہے کہ اب تک اس طرح کی کوئی مثال نہیں ملتی جس میں بورڈ کے ارکان کو یہ بتایا گیا ہو کہ وقف بورڈ کو حصول آمدنی کے ذرائع کیا ہیں اور کن مدات میں خرچ کیا جاتا رہا ہے ۔ آئندہ مالی سال کے دوران بورڈ کی آمدنی میں 15کروڑ تک کے اضافہ کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس نشانہ کی تکمیل کیلئے کرایہ وصولی نظام کو بہتر بنانے کے علاوہ بورڈ کی دیگر ذرائع سے آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے ۔جناب الحاج محمد سلیم نے بتایا کہ تلنگانہ کی اوقافی جائیدادوں کے ریکارڈ زکو محکمہ مال میں درست کرنے محکمہ مال کوہدایت دی جائیگی کہ وہ اوقافی جائیدادوں کے پٹہ پاس بک تلنگانہ وقف بورڈ کے نام جاری کریں اور دیگر دستاویزات میں بھی اوقافی جائیداد کا تذکرہ کریں ۔انہو ںنے بتایا کہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ بورڈ میں مستقل چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ کا تقرر عمل میں لایا جائے ۔ اجلاس میں ایک اور مرتبہ قرارداد منظور کی گئی کہ حکومت ‘ وقف بورڈ کو مستقل سی ای او فراہم کرے تاکہ بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے ۔صدرنشین نے جعلی این او سی معاملہ میں گرفتار سلطان محی الدین کی خدمات پر کہا کہ ان کی خدمات کی برخواستگی کیلئے محکمہ پولیس کی مراسلت کا انتظار ہے ۔ پولیس رپورٹ وصول ہوتے ہی خدمات کو برخواست کردیا جائیگا۔ اجلاس میں مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ‘ مولانا سید نثار حسین حیدر آغا‘ جناب زیڈ۔ایچ جاوید ‘ جناب ایم ۔اے وحید ایڈوکیٹ ‘جناب شاہنواز قاسم سی ای او موجود تھے ۔