تلنگانہ کو بی آر ایس نے لوٹ لیا ، کانگریس کیلئے تلنگانے اے ٹی ایم میں تبدیل : مودی

   

شراب اسکام میں کویتا کا رول ، راہول گاندھی نے ناری شکتی کی توہین کی ہے ، جگتیال میں بی جے پی کے جلسہ عام سے وزیر اعظم کا خطاب
حیدرآباد : 18 مارچ ( سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے بی آر ایس پر تلنگانہ کو لوٹ لینے اور کانگریس پر تلنگانہ کو اے ٹی ایم میں تبدیل کردینے کا الزام عائد کیا ۔ پہلی مرتبہ شراب اسکام میں ملوث ہونے والی کویتا پر ردعمل کا اظہار کیا اور ساتھ ہی راہول گاندھی پر سخت تنقید کا اظہار کیا ۔ بی جے پی کی کامیابی سے ہی تلنگانہ کی ترقی ہونے کا دعویٰ کیا ۔ جگتیال میں منعقدہ بی جے پی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ تین دن میں دو مرتبہ تلنگانہ کا دورہ کرچکے ہیں ۔ وہ تلنگانہ میں جہاں بھی جارہے ہیں عوام ان کا والہانہ خیرمقدم کررہے ہیں ۔ مودی کی گیارنٹی پر ملک کے عوام کو بھروستہ ہے ۔ اس مرتبہ 400 سے زیادہ لوک سبھا حلقوں پر بی جے پی کامیابی حاصل کرے گی ۔ تلنگانہ کی ترقی ہوگی ، وہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے ہزاروں کروڑ ہا روپئے خرچ کرچکے ہیں ۔ ملک میں تیسری مرتبہ بی جے پی کی حکومت قائم ہوگی ۔ انتخابات کے شیڈول کی اجرائی سے قبل ملک کے عوام نے نریندر مودی کو وزیراعظم کی حیثیت سے تسلیم کرلیا ہے ۔ 10 سال تک بی آر ایس حکومت نے تلنگانہ کو لوٹ لیا ہے ۔ کے سی آر کا خاندان بڑے پیمانے کی بدعنوانیوں میں ملوث ہوا ہے ۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہوئی ہیں ۔ کے سی آر کی دختر کویتا شراب اسکام میں ملوث ہوئی ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام نے بی آر ایس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس پر بھروسہ جتایا ہے ۔ کانگریس حکومت عوام کیلئے وعدوں کی تکمیل میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ کرپشن کے معاملہ میں بی آر ایس سے مسابقت کررہی ہے اور ریاست تلنگانہ کانگریس پارٹی کیلئے اے ٹی ایم میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ نریندر مودی نے کل ممبئی میں راہول گاندھی کی جانب سے کی گئی تقریر پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی نے شکتی کے خلاف جنگ لڑنے کا اعلان کیا ہے جس کو وہ قبول کررہے ہیں اور ناری شکتی پر انہیں فخر ہے ۔ ملک کی ہر ماں اور بیٹی شکتی کی علامت ہے اور وہ اس شکتی کا عزت و احترام کرتے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ مجھے یقین ہے یہی خواتین کانگریس اور انڈیا اتحاد کو سبق سکھائیں گے ۔ 13مئی کو تلنگانہ کے عوام تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے ترقی کیلئے بی جے پی کو ووٹ دیں گے اور 4 جون کو برآمد ہونے والے نتائج میں بی جے پی 400 سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ انڈیا اتحاد میں ہی اتحاد کا فقدان ہے ۔ ہر پارٹی ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے ۔ بی جے پی اقتدار سے زیادہ عوامی خدمات کو ترجیح دیتی ہے جس کی وجہ سے عوام بی جے پی کو کامیاب بنارہے ہیں۔ خاندانی جماعتیں ملک کو لوٹ رہی ہیں ۔ ملک میں جہاں بھی بدعنوانیاں ہورہی ہے اس کے پیچھے خاندانی جماعتو ں کا ہاتھ ہے ۔ 2G اسپیکٹرم کیس میں ڈی ایم کے نام منظر عام پر آیا ہے ۔ وہ بھی خاندانی جماعت ہے ۔ نیشنل ہیرالڈ کیس میں کانگریس کا نام آیا ہے ، وہ بھی خاندانی جماعت ہے ۔ ملک بھر میں بی جے پی کی تائید و حمایت میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔ مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ ملکاجگری کے عوام بی جے پی کو کامیاب بنانے کا عہد کرچکے ہیں ۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کی ترقی کیلئے بی جے پی کا کامیاب ہونا لازمی ہے ۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی لہر چل رہی ہے جس میں بی آر ایس اور کانگریس دونوں بہہ جائیں گی ۔ تلنگانہ وہ سرزمین ہے جس نے رضاکارو ں کے خلاف جنگ لڑی ہے ۔ اس سرزمین سے بی جے پی کو کافی امیدیں وابستہ ہیں ۔ تلنگانہ میں بی جے پی چونکا دینے والا مظاہرہ کرے گی ۔2