مقامی ٹیلنٹ کو ابھارنے میں معاون ثابت ہورہا ہے : انجن کمار یادو
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ایل بی اسٹیڈیم حیدرآباد میں جاری تلنگانہ کیسری ریسلنگ چمپئن شپ کا دوسرا دن انتہائی جوش و خروش کے ساتھ گذارا ۔ اس باوقار مقابلوں کی صدارت تلنگانہ کیسری کے صدر نشین و سابق رکن پارلیمنٹ ایم انجن کمار یادو نے کی ۔ اس موقع پر کھیل کے میدان میں کئی اہم سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اور پہلوانوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ جس میں جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے سرینواس گپتا ، تلنگانہ یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری اروند کمار یادو ، کمیٹی کے اراکین کے رگھوگوڑ ، جے پرساد ، آدتیہ یادو بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے کہا کہ تلنگانہ کی سرزمین پر روایتی کھیلوں بالخصوص کشتی اور پہلوانی کو فروغ دینے کی جو شروعات کی گئی ہے ۔ اس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ اس قدیم کھیل کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھال کر نوجوان نسل کے لیے پرکشش بنادیا گیا ہے ۔ ان مقابلوں کا مقصد دیہی اور شہری علاقوں میں چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو تلاش کر کے انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح کے لیے تیار کرنا ہے ۔ اگر صحیح سرپرستی ملے تو ہمارے مقامی پہلوان ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ ان مقابلوں نے ریاست بھر کے اکھاڑوں میں ایک نیا جوش و خروش پیدا کردیا ہے ۔ جس کی بدولت آنے والے وقت میں تلنگانہ سے کئی نامور پہلوان ابھر کر سامنے آئیں گے ۔۔ 2/m/b