لندن میں ’میٹ اینڈ گریٹ‘ پروگرام، تلگو کمیونٹی سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لندن میں مقیم تلگو کمیونٹی کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ تلنگانہ رائزنگ ویژن کے مقاصد کی تکمیل میں تعاون کریں۔ چیف منسٹر نے تلگو باشندوں سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ رائزنگ ویژن کی دنیا بھر میں تشہیر کریں جس کے ذریعہ تلنگانہ کو ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو کے ہمراہ لندن میں غیر مقیم تلگو عوام کی جانب سے منعقدہ ’میٹ اینڈ گریٹ‘ پروگرام میں شرکت کی۔ انہوں نے لندن میں مقیم تلنگانہ کے صنعتکاروں اور دیگر شعبہ جات سے وابستہ افراد سے بات چیت کی اور انہیں تلنگانہ کے سفیر کے طور پر ریاست کی ترقی میں تعاون اور ویژن 2047 کی تشہیر کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کی ترقی کے منصوبوں سے واقف کرایا اور کہا کہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں کئی عالمی اداروں نے اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیوچر سٹی میں عالمی اداروں کی سرمایہ کاری کا آغاز ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر نے گزشتہ ڈھائی برسوں میں فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری سے واقف کرایا۔ انہوں نے غیر مقیم تلنگانہ عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست کی ترقی میں اہم رول ادا کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ ریاست میں غریبوں کی بھلائی کے ساتھ ساتھ صنعتی ترقی کا جامع منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اسکل ڈیولپمنٹ کے مقصد سے حکومت نے اسکل یونیورسٹی قائم کی ہے۔ انہوں نے غیر مقیم تلنگانہ باشندوں سے اپیل کی کہ وہ صنعتکاروں کو ریاست میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں تاکہ 2047 تک تلنگانہ کی معیشت کو تین ٹریلین ڈالر تک ترقی دی جاسکے۔ سریدھر بابو نے صنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ لندن میں مقیم تلگو کمیونٹی نے ریاست کی ترقی میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ 1؍F