تلنگانہ کے اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔12۔ستمبر۔(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ ‘ چھتیس گڑھ ‘ اوڈیشہ ‘ مہاراشٹراکے علاوہ دیگر ریاستوں کے لئے ’’آرینج الرٹ ‘‘ جاری کرتے ہوئے ان ریاستوں میں شدید موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کی ہے۔تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے اور کہا جارہاہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کے نتیجہ میں انتہائی شدید موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے 13تا17 ستمبر کے دوران تلنگانہ کے بیشتر اضلاع بالخصوص شمالی اضلاع میں بارشوں کی پیش قیاسی کی تھی اور بعد ازاں کہا گیا تھا کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد ‘ ریاست کے اضلاع کے علاوہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں بھی موسلادھار بارشیں 12 ستمبر سے ہی شروع ہوجائیں گی۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں شہر کے کئی علاقوں میں اچانک انتہائی موسلادھا ر بارش ریکارڈ کی گئی اور 40تا50 منٹ جاری رہنے والی اس بارش کی رفتار نے عوام میں خوف پیدا کردیا لیکن اس کے بعد دن بھر موسم معمول کے مطابق رہا اور ابر آلود رہنے کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ بتایاجاتاہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ منچریال ‘ آصف آباد ‘ عادل آباد‘ کھمم‘ بھدادری کتہ گوڑم‘ بھوپل پلی جئے شنکر ‘ ملوگو کے علاوہ دیگر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست کے دیگر اضلاع بالخصوص نرمل ‘ جگتیال ‘ نظام آباد‘ نلگنڈہ ‘ ناگر کرنول ‘ محبوب نگر ‘ کلواکرتی ‘ نارائن پیٹ ‘ سنگا ریڈی ‘ میدک کے علاوہ سدی پیٹ میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں 12 ستمبر کی رات دیر گئے سے بارشوں کا سلسلہ ہونے کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے اور کہاجارہاہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران مسلسل ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ صحت عامہ نے ان امکانی بارشوں کے پیش نظر عوام کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ مچھروں کی افزائش کو روکنے اور اپنے اطراف و اکناف صفائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔3