حیدرآباد۔ 9 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے کئی مقامات پر انکم ٹیکس اورانفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حکام کی جانب سے دھاوے کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ کریم نگرمیں انکم ٹیکس اورای ڈی کے حکام نے اچانک دھاوے کئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تلنگانہ کے وزیرگنگولہ کملاکرکے علاوہ گرینائیٹ تاجرین کے مکانات اوردفاترپردھاوے کئے جارہے ہیں۔ کریم نگرمیں ریاستی وزیرکی قیامگاہ کے علاوہ ان کے گرینائیٹ کے دفاترپر دھاوے کئے گئے۔ اطلاعات ہیں کہ دھاوے کے وقت ریاستی وزیرمکان میں موجود نہیں تھے ان کے مکان کا قفل توڑ دیا گیا ، جیسے ہی دھاوے کی اطلاع ملی وہ کریم نگر کے لئے روانہ ہوگئے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ کے حکام نے ریاستی وزیرکے رشتہ داروں کے مکانات پربھی دھاوے کئے۔اطلاعات کے مطابق 30ٹیموں نے آج صبح 8بجے سے دھاوؤں کا آغاز کیا۔ایک سیاسی لیڈرکی نگرانی میں مبینہ طورپر گرینائیٹ کی کانکنی کئے جانے کی شکایات ملنے کے بعد حیدرآباد کے حیدرگوڑہ اور سوماجی گوڑہ کے علاوہ کریم نگر ضلع میں یہ کارروائی کی گئی۔