تلنگانہ کے کانگریس امیدواروں کی پہلی فہرست کی آج اجرائی

,

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا آج دورہ دہلی، سروے رپورٹ کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب

حیدرآباد۔/6مارچ، (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کیلئے تلنگانہ کے کانگریس امیدواروں کا کل 7 مارچ کو انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نئی دہلی میں اے آئی سی سی کی اسکریننگ کمیٹی اجلاس میں شرکت کیلئے جمعرات کو نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ اسکریننگ کمیٹی میں 17 نشستوں کیلئے پردیش الیکشن کمیٹی کی جانب سے کی گئی ناموں کی سفارش کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسکریننگ کمیٹی توقع ہے کہ امیدواروں کی پہلی لسٹ کو منظوری دے گی اور اندرون دو یوم بیشتر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی سطح پر پارٹی امیدواروں کے انتخاب کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور ہر اسمبلی حلقہ کیلئے دو یا تین ناموں کی سفارش کرتے ہوئے ہائی کمان کو روانہ کیا گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کانگریس اعلیٰ کمان نے امیدوروں کی کامیابی کے امکانات پر جس سروے کا اہتمام کیا ہے اس کی رپورٹ امیدواروں کے انتخاب میں کلیدی رول ادا کرے گی۔ بیشتر امیدواروں کے معاملہ میں ہائی کمان نے ریونت ریڈی کو مکمل اختیارات سونپ دیئے ہیں اور وہ اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس میں اپنے امکانی امیدواروں کے نام پیش کریں گے۔ امیدواروں میں بعض قائدین ایسے بھی ہوسکتے ہیں جنہوں نے حالیہ دنوں کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایسی نشستیں جن کے امیدواروں کے بارے میں کوئی اختلاف نہیں ہے وہ فہرست جمعرات کی شام جاری کردی جائے گی۔ سنٹرل الیکشن کمیٹی اور اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینوگوپال کے علاوہ تلنگانہ کی انچارج دیپا داس منشی شرکت کریں گے۔ ریاست کی 17 لوک سبھا نشستوں میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی کی محبوب نگر لوک سبھا حلقہ سے امیدواری کا اعلان کردیا ہے جبکہ ناگرکرنول لوک سبھا حلقہ سے سینئر قائد ڈاکٹر ملوروی نے دعویداری پیش کرتے ہوئے کل نئی دہلی میں اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے اور جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سے ملاقات کی ہے۔ چیف منسٹر کے دورہ دہلی کے پیش نظر 7 مارچ کو چیف منسٹر کا دورہ ویملواڑہ منسوخ کردیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے اس بات کا اشارہ یا کہ کل 7 مارچ کو تلنگانہ امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کم از کم 4 حلقوں سے بی سی امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جانے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے پارٹی میں حالیہ دنوں میں شمولیت اختیار کرنے والے بی آر ایس قائدین کے ناموں کی بھی سفارش کی ہے۔ جن لوک سبھا حلقہ جات کے بارے میں قائدین میں سخت مقابلہ ہے ان میں کھمم، نلگنڈہ، بھونگیر، سکندرآباد، ملکاجگیری اور محبوب آباد شامل ہیں۔1