تلنگانہ کے کچھ اضلاع میں آئندہ تین دن بارش کا امکان

   

حیدرآباد میں بارش نہیں ہوگی ۔ شدید گرمی سے کچھ حد تک راحت ملنے کی امید
حیدرآباد 6 اپریل ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات حیدرآباد نے تلنگانہ کے کچھ حصوں میں تین دن تک بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ حالانکہ ریاست کے تمام اضلاع میں بارش شائد نہیںہوگی تاہم اس کے نتیجہ میں ریاست کے عوام کو شدید گرمی سے راحت مل سکتی ہے ۔ ریاست میں چند دن سے گرما کی شدت عروج پر ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے مختلف اضلاع میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں ۔ بجلی چمک سکتی ہے اور بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ یہ سلسلہ اتوار سے شروع ہوسکتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تیز ہواوں کا سلسلہ آئندہ تین دن یعنی منگل تک جاری رہ سکتا ہے ۔ 8 اپریل کو تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد ‘ نرمل ‘ کمارم بھیم ‘ نظام آباد ‘ جگتیال ‘ کریمنگر ‘ پیدا پلی اور منچریال میں بارش ہوسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ محکمہ کی پیش قیاسی کے بموجب اس کے دوسرے دن کاماریڈی میں بھی بارش کا امکان ہے ۔ حالانکہ کئی اضلاع میں تین دن کے دوران بارش ہوسکتی ہے لیکن حیدرآباد میں آئندہ چند دنوں کے دوران بارش کا امکان نہیں ہے ۔ تاہم ریاست کے دوسرے مقامات پر بارش کے نتیجہ میں شہر کے درجہ حرارت میں کمی آسکتی ہے ۔ کل حیدرآباد میں درجہ حرارت اعظم ترین 42 ڈگری سلسئیس درج کیا گیا ۔ ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 43.5 ڈگری سلسئیس نلگنڈہ میں شدرج کیا گیا ہے ۔ محکمہ نے کہا کہ بارش کے نتیجہ میں ریاست کے عوام کو شدید گرمی سے راحت نصیب ہوسکتی ہے ۔