تلنگانہ کے 22 اضلاع میں اندرا مہیلا شکتی بھون کی تعمیر کیلئے رقمی منظوری

   

ورنگل میں کل چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں سنگ بنیاد، دیگر اضلاع کیلئے بھی ریموٹ سنگ بنیاد
حیدرآباد۔17۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے محکمہ پنچایت راج کی جانب سے جی او آر ٹی 74 جاری کرتے ہوئے حکومت کے فیصلہ کے مطابق ریاست کے 22 اضلاع میں ’اندرا مہیلا شکتی بھون ‘ قائم کرنے کو انتظامی منظوری دے دی گئی ہے۔ حکومت نے ریاست میں خواتین کو بااختیار بنانے انہیں ہنر مند بنانے کے سلسلہ میں ضلع واری اساس پر تربیتی مراکز قائم کرنے کا اعلان کیا تھا اور گذشتہ دنوں حکومت کی جانب سے 22 مراکز کے قیام کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں منظوری دی گئی تھی اور گذشتہ یوم اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ پنچایت راج کی جانب سے جی او جاری کرتے ہوئے اس فیصلہ کو انتظامی منظوری دے دی گئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے 110 کروڑ کی لاگت سے تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں ’اندرا مہیلا شکتی بھون‘ کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی اور ان تعمیرات کا آغاز چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی 19 نومبر کو ’اندرامہیلا شکتی بھون ‘ کا ورنگل میں سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ورنگل میں منعقدہ سنگ بنیاد تقریب سے ہی مختلف اضلاع میںریموٹ سنگ بنیاد رکھیں گے اور تمام مراکز کا بیک وقت سنگ بنیاد ہوجائے گا اور تعمیراتی کا موں کا بھی ساتھ ہی آغاز کردیا جائے گا۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ جی او کے مطابق ان ’اندرامہیلا شکتی بھون‘ کی تعمیر کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے لئے ریاستی حکومت کے محکمہ فینانس کی جانب سے 110 کروڑ کی انتظامی منظوری دے دی گئی ہے اور ان بھون کا استعمال ریاست کے تمام اضلاع میں خواتین بالخصو ص سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کی جانب سے تیار کی جانے والی اشیاء کی فروخت اور نمائش کے لئے استعمال کیا جائے گا اور ان مراکز میں خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں ہنرمند بنانے کی تربیت فراہم کرنے کے بھی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ حکومت کی جانب سے خواتین سے کئے گئے وعدہ کو پورا کیا جاسکے۔ حکومت نے ریاست کے جن اضلاع میں ان مراکز کے قیام کو منظوری دی ہے ان میں میڑچل ملکا جگری ‘ منچریال‘ راجننا سرسلہ ‘ ہنمکنڈہ ‘ کاماریڈی ‘ نظام آباد‘ ملگ‘ نارائن پیٹ‘ جگتیال ‘ جئے شنکر بھوپل پلی ‘ ونپرتی ‘میدک ‘ سوریہ پیٹ‘ یدادری بھونگیری ‘ ناگرکرنول ‘ نرمل‘ محبوب آباد‘ بھدادری کتہ گوڑم‘ جنگاؤں‘ کمرم بھیم ‘ آصف آباد‘پداپلی ‘ جوگولامبا گدوال شامل ہیں جہاں یہ مراکز قائم کئے جائیں گے اور ان مراکز کے ذریعہ خواتین کی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔3