سکریٹری داخلہ صدارت کریں گے، ریلوے پراجکٹس و مرکزی وعدوں کی تکمیل پر مباحث کا امکان
حیدرآباد۔/8نومبر، ( سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کے درمیان تنازعات پر مرکزی وزات داخلہ نے 23 نومبر کو اجلاس طلب کیا ہے۔ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان کئی مسائل پر تنازعہ پیدا ہوئے جن کی یکسوئی کیلئے مرکزی وزارت داخلہ نے 27 ستمبر کو اجلاس منعقد کیا تھا لیکن اجلاس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی تھی۔ مرکزی سکریٹری داخلہ اجئے بھلہ کی قیادت میں دونوں ریاستوں کے اہم عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے دونوں ریاستوں کے عہدیداروں کو اجلاس میں لازمی طور پر شرکت کی خواہش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت دونوں ریاستوں کے درمیان تنازعات پر غور کیا جائے گا۔ آندھرا پردیش نے 7 مختلف امور کی یکسوئی کیلئے مرکز سے نمائندگی کی ہے۔ تنظیم جدید قانون میں آندھرا پردیش سے کئے گئے وعدوںکی تکمیل کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ ریاست کی تقسیم کے اندرون دس سال مسائل کی یکسوئی کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اب محض دو سال باقی ہیں۔ گذشتہ آٹھ برسوں میں دونوں ریاستوں کے درمیان کئی تنازعات یکسوئی کے بغیر جوں کے توں برقرار ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض امور پر دونوں ریاستوں کے سخت گیر موقف کے نتیجہ میں مرکز کو یکسوئی میں دشواری پیش آرہی ہے۔ گذشتہ ماہ منعقدہ اجلاس میں 14 امور پر مباحث ہوئے تھے اور توقع ہے کہ دوبارہ یہ موضوعات اجلاس میں پیش کئے جائیں گے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے مرکز سے خصوصی فنڈز، مالی نقصانات کی پابجائی کیلئے مرکزی امداد، ریلوے پراجکٹ اور دیگر امور ایجنڈہ میں شامل رہیں گے۔ر