صحافیوں کے احتجاج کی تیاری پر ضلع کلکٹر کی یونینوں کے نمائندوں سے ملاقات
کاماریڈی ۔24 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیش سنگھوان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ضلع کے تمام اہل صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈس جاری کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔ایکریڈیشن کارڈس کے اجراء میں تاخیر اور ضلع محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈی پی آر او) کے مبینہ غیر ذمہ دارانہ رویہ کے خلاف ٹی یو ڈبلیو جے (آئی جے یو) کی جانب سے صحافیوں نے احتجاجی دھرنے کی تیاری کی تھی۔ اس صورتحال کے پیش نظر ضلع کلکٹر نے یونین نمائندوں کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے۔صحافی نمائندوں نے کلکٹر کو بتایا کہ ضلع میں منظور شدہ 273 ایکریڈیشن کارڈس میں سے صرف چند ہی تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ باقی کارڈس کے اجراء میں غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ڈی پی آر او کے رویہ کی جانچ کروا کر مناسب کارروائی کا بھی یقین دلایا۔کلکٹر نے ایڈیشنل کلکٹر (لوکل باڈیز)این وی گیری کو ایکریڈیشن کارڈس کے اجراء کے عمل کی نگرانی کی ذمہ داری سونپتے ہوئے ہدایت دی کہ ایکریڈیشن کمیٹی کے ارکان سے مشاورت کے بعد تمام اہل صحافیوں کو جلد از جلد کارڈس فراہم کیے جائیں۔کلکٹر کی یقین دہانی کے بعد صحافیوں میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی۔ اجلاس میں ٹی یو ڈبلیو جے (آئی جے یو) ضلع صدر وی۔ رجنی کانت، ضلع جنرل سکریٹری راجیش، الیکٹرانک میڈیا صدر پٹنم سرینواس، جنرل سکریٹری سدھاکر گوڑ اکریڈیشن کمیٹی کے اراکن سید کوثر علی محمد معین محمد عابد کے علاوہ کاماریڈی، ایلاریڈی، بانسواڑہ اور جوکل حلقوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔