تمل ناڈو میں وجئے کے چیف منسٹر بننے کے بعد مجموعی طور پر تلنگانہ سے زعفرانی جماعت کا صفایا

   

جنوبی ہند کی کسی بھی ریاست میں بی جے پی اقتدار نہیں، ہندوستانی شہری بی جے پی کی فرقہ پرستی کو قبول کرنے تیار نہیں
حیدرآباد۔10 ۔ مئی (سیاست نیوز) تمل ناڈو میں TVK کی حکومت اور وجئے سی جوزف کے چیف منسٹر بننے کے بعد مجموعی طور پر تلنگانہ سے ’زعفرانی ‘ جماعت کا صفایا ہوچکا ہے اور سوائے آندھراپردیش کے جنوبی ہند کی کسی بھی ریاست میں بھارتیہ جنتاپارٹی اقتدار میں نہیں ہے بلکہ آندھراپردیش میں بھی بی جے پی این ڈی اے حلیف تلگودیشم کے ساتھ حکومت میں شامل ہے۔جنوبی ہند کی ریاستوں کرناٹک‘ تمل ناڈو‘ کیرالم ‘ تلنگانہ ‘ آندھراپردیش کے علاوہ مرکزی زیر انتظام علاقہ پوڈی چیری میں مجموعی اعتبار سے 922 اراکین اسمبلی ہیں اوران میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے محض 90 اراکین اسمبلی ہیں ۔ اس طرح 9.76 فیصد اراکین اسمبلی ہی بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے جنوبی ہند کی ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقہ میں ہیں جبکہ 90 فیصد سے زائد اراکین اسمبلی کا تعلق غیر بی جے پی پارٹیوں سے ہے۔ جنوبی ہند کی ریاستوں میں سب سے زیادہ بی جے پی اراکین اسمبلی تعداد کرناٹک میں ہے جہاں 66 اراکین اسمبلی ہیں جبکہ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں بی جے پی کے 8-8 اراکین اسمبلی موجود ہیں ۔تمل ناڈو میں جہاں 4 مئی کو انتخابی نتائج جاری کئے گئے وہاں بی جے پی کو محض 1نشست پر کامیابی حاصل ہوئی جبکہ کیرالم میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اسی طرح پوڈی چیری میں 4نشستوں پر بی جے پی اراکین اسمبلی کامیاب ہوئے ۔ جنوبی ہند کی ریاستوں میں ماحول اب بھی نفرت سے پاک رہنے کے نتیجہ میں جنوبی ہند میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو مسترد کیا جانے لگا ہے ۔ شمالی ہند کے مقابلہ میں جہاں جنوبی ہندکی ریاستوں کی خواندگی کا فیصد نمایاں طو ر پر بہتر ہونے کے نتیجہ میں ہندستانی شہری فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کی فرقہ پرستی کو قبول کرنے کے لئے آج بھی آمادہ نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود بی جے پی کی ممکنہ کوشش جاری ہے کہ وہ جنوبی ہند کے ’سیکولر‘ قلعہ کی فصیل کو منہدم کرے اور ایک مرتبہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے جنوبی ہند میں قدم جمانے میں اپنی حلیف جے ڈی ایس کے ساتھ کامیاب ہوگئی تھی لیکن اسے عوام نے دوسری مرتبہ میں مسترد کردیا۔3