توشہ خانہ کیس، عمران خان کی عدالت میںطلبی

   

اسلام آباد : اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کل سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ چہارشنبہ کو اسلام آباد کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی جانب سے جاری ہونے والت نوٹس میں عمران خان اور وکلا کو کل صبح 8:30بجے حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ نوٹس کے ذریعے الیکشن کمیشن اور عمران خان کے وکیل خواجہ حارث کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ روز منگل کو سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس دوبارہ سماعت کے لیے سیشن کورٹ کو بھیج دیا تھا۔ ٹرائل کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس ناقابل سماعت قرار دینے کی عمران خان کی درخواست مسترد کی تھی جس کے خلاف عمران خان نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ٹرائل کورٹ کے پانچ مئی کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت نے پانچ مئی کے فیصلے کی حد تک عمران خان کی درخواست منظور کر لی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پانچ مئی کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس واپس (ریمانڈ بیک) کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو اس پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔