تکو گوڑہ میں 6 اپریل کو کانگریس کا جلسہ عام، راہول گاندھی اور کھرگے کی شرکت

   

ملک کیلئے ضمانتوں کا اعلان، ریونت ریڈی کا کوڑنگل میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ کہیں بھی رہیں لیکن کوڑنگل پر ان کی نگاہ برقرار رہے گی اور وہ کوڑنگل کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے اقدامات کریں گے۔ محبوب نگر مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کے چناؤ میں حق رائے دہی سے استفادہ کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنی قیامگاہ پر حامیوں اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوڑنگل میں نئی صنعتوں کے قیام کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے اور علاقہ کی ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ میں کوڑنگل اسمبلی حلقہ میں کانگریس کو 50,000 سے زائد ووٹوں کی اکثریت حاصل ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر الیکشن کے موقع پر تعطیلات ہوتی ہیں اور لوگ چھٹیاں منانے کیلئے مختلف علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے کانگریس کے حق میں زیادہ ووٹنگ پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایم ایل سی الیکشن میں ووٹ دینے کیلئے کوڑنگل آئے ہیں۔ میں کارکنوں سے ملاقات کے لئے کوڑنگل آیا ہوں۔ میری ہر مشکل اور مصیبت میں عوام نے میرا ساتھ دیا ۔ انتخابی مہم کے بغیر ہی مجھے کامیاب بنایا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ کوڑنگل میں سمنٹ انڈسٹری قائم ہورہی ہے۔ صنعتوں کے قیام سے اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ فارما کمپنی کے قیام سے نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 6 اپریل کو تکو گوڑہ میں کانگریس کا جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں کورنگل سے 25,000 افراد شرکت کریں۔ اس جلسہ عام میں راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے لوک سبھا چناؤ کے لئے پانچ ضمانتوں کا اعلان کریں گے ۔ کانگریس نے ملک میں پارٹی کی انتخابی مہم کیلئے تلنگانہ کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے 6 اپریل کو تکو گوڑہ کے جلسہ عام میں کثیر تعداد میں شرکت کی عوام سے اپیل کی۔ چیف منسٹر نے مقامی عوام سے اپیل کی کہ وہ صنعتوں کے قیام کیلئے اراضیات کے حصول میں حکام سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو کوڑنگل فیملی کا ایک رکن تصور کرتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ 8 اپریل کو دوبارہ کوڑنگل کا دورہ کریں گے۔ 1