ثالثی کیلئے ہمیشہ تیار لیکن وقت کا تعین انڈیا۔ پاکستان پر منحصر : سعودیہ

   

ریاض : سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب انڈیا اور پاکستان کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہے، لیکن وقت کا تعین دونوں ممالک ہی کریں گے۔سعودی وزیر خارجہ نے یہ بات انڈیا کے دی ہندو اخبار کو انٹرویو کے دوران کہیانڈیا اور پاکستان جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسی ہیں اور دونوں کا کشمیر کے متنازع علاقے کے کچھ حصوں پر کنٹرول ہے لیکن وہ دونوں پوری ریاست پر دعویدار ہیں۔اس سوال کے جواب میں کہ کیا سعودی عرب مایوس تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع نہیں ہوئے، شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’جب بھی ہو سکا ہم ہمیشہ اپنے اچھے فورمز فراہم کریں گے لیکن اس کے لیے درست وقت کا تعین انڈیا اور پاکستان پر منحصر ہے۔‘انہوں نے کہا کہ جیسا کہ کشمیر دونوں ممالک کے مابین تنازع بنا ہوا ہے،’ہم اس بات کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان بات چیت کے راستے پر توجہ دی جائے تاکہ ان مسائل کو اس طرح حل کیا جا سکے جس سے ان ایشوز کو مستقل طور پر حل کیا جا سکے۔‘انڈیا اور پاکستان نے کشمیر پر اپنی تین میں سے دو جنگیں لڑی ہیں۔ پاکستان انڈیا پر کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام لگاتا ہے جبکہ انڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیر کے اپنے زیر انتظام حصے میں عسکریت پسندوں کی پشت پناہی کرتا ہے۔