ثقافتی ورثہ کے تحفظ کیلئے گھر کو میوزیم بنانے والی شاہدہ خانم

   

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے آری گام گائوں سے تعلق رکھنے والی ایک 25 سالہ خاتون نے گجر قبیلے کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنے گھر کو ہی میوزیم میں تبدیل کر دیا ہے ۔شاہدہ خانم نامی یہ خاتون اپنے قبیلے کے روایتی لباس کو بحال کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ میرا مقصد یہ ہے کہ ہمارا گجر بکروال طبقہ بھی ملک میں اپنی شناخت قائم کرے اور دنیا میں دیگر کمیونٹیوں کی طرح ہر شعبے میں آگے بڑھ سکے ۔ شاہدہ نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ گرلز اسکول آری گام سے حاصل کی ۔ گریجویشن کے بعد انہوں نے اپنے اس منفرد شوق کے بارے میں کہاکہ میں نے سال 2016 میں بھوپال میں ایک تقریب ’لوک رنگ‘میں شرکت کی جہاں مجھے اس بات پر کافی دکھ ہوا کہ ہمارے قبیلے کا کوئی بھی لباس وہاں کہیں بھی موجود نہیں تھا اس سے مجھے کافی تکلیف ہوئی۔