جائیداد کی تقسیم کے مسئلہ پر باپ کے ہاتھوں بیٹے کا قتل

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ فروری(سیاست نیوز) جائیداد کی تقسیم کے مسئلہ پر باپ بیٹے میں جھگڑا بیٹے کے قتل کا سبب بن گیا ۔ جہاں باپ نے اپنے جواں سال بیٹے پر حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ حیات نگر پولیس حدود میں کل رات دیر گئے یہ واردات پیش آئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 28 سالہ ونئے کمار گوڑ اپنے باپ سرینواس گوڑ کے حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ سرینواس گوڑ نے پھاوڑے سے بیٹے پر حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ ونئے کمار گوڑ کل رات نشہ کی حالت میں باپ کے مکان پہنچا اور جائیداد میں حصہ مانگا اور تقسیم کا مطالبہ کر رہا تھا ۔ اس دوران برہم باپ نے بیٹے پر حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا ۔ ونئے کمار کی والدہ کی بچپن ہی میں موت ہوگئی تھی اور اس کے والد نے دوسری شادی کرلی تھی اور اپنا مکان دوسری بیوی مادھوی کے نام کردیا تھا ۔ ونئے کمار ماںباپ کے ساتھ رہتا تھا جس نے 8 سال قبل پروالیکا سے لو میریج کیا تھا اور ان کی ایک بیٹی ہے ۔ جائیداد کی تقسیم کے مسئلہ پر باپ بیٹے میں اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا جس سے تنگ آکر سرینواس گوڑ نے گزشتہ دنوں بیٹے کو گھر سے نکال دیا جو اپنی بیوی اور بیٹی کے ساتھ الگ زندگی بسر کر رہا تھا ۔ گزشتہ دنوں والد نے زرعی 30 گنٹے اراضی کو وینچر بنانے کیلئے فروخت کردیا اور بیٹے کو اس کا حصہ نہیں دیا ۔ اس حصہ کی خاطر کل رات ونئے کمار گوڑ والد کے گھر پہنچا تھا اور قتل کردیا گیا ۔ حیات نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع