ریاض : سعودی عرب میں جازان ریجن کی پرانی مساجد کو بھی تاریخی مساجد کے احیا سے متعلق ولیعہد شہزاہ محمد بن سلمان پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں شامل کیا گیا ہے۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جازان ریجن کی مساجد دینی اہمیت کے علاوہ قدیم و جدید فن تعمیر کے خوبصورت امتزاج کی علامت ہیں۔ جازان کی جن نمایاں مساجد کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ ان میں مسجد النجدی بھی شامل ہے۔ یہ وہ مسجد ہے جو 13 برس میں تیار ہوئی تھی۔ اس کا تعمیراتی سامان اور تزئین و آرائش کا کام ہندوستان سے کرایا گیا تھا جبکہ اسے تعمیر کرنے کے لیے یمن سے معمار بلائے گئے تھے۔ مسجد النجدی جزیرہ فرسان کے وسطی محلے الصلب میں واقع ہے۔ اسے ژیخ ابراہیم التمیمی جو النجدی کے لقب سے معروف تھے، نے 1334ھ مطابق 1915 میں تعمیر کرایا تھا۔ ان کا تعق حوطہ بنی تمیم سے تھا۔ وہ ادریسی سلطنت کے زمانے میں جزیرہ فرسان منتقل ہو گئے تھے۔ وہ موتیوں کے تاجر تھے۔ وہ مسجد کی تعمیر کے سلسلے میں مشرقی تمدن سے متاثر تھے اور ہندوستان اکثر آتے جاتے رہتے تھے۔