جموں و کشمیر : کرکٹر عرفان پٹھان کو فوری طور پر وادی چھوڑنے کی ہدایت

,

   

سرینگر۔4 اگست (سیاست ڈاٹ کام)ٹیم انڈیا کے سابق آل راونڈر عرفان پٹھان کے ساتھ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سپورٹ اسٹاف کو بھی جلد سے جلد وادی چھوڑنے کیلئے کہہ دیا گیا ہے۔جموں و کشمیر میں ایڈوائزری جاری ہونے کے بعد سے نہ صرف سیاحوں اور تیرتھ یاتریوں کو واپس گھر بھیجا جارہا ہے بلکہ باہری کھلاڑیوں کو بھی وادی چھوڑنے کیلئے کہہ دیا گیا ہے۔ ٹیم انڈیا کے سابق آل راونڈر عرفان پٹھان کے ساتھ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سپورٹ اسٹاف کو بھی جلد سے جلد وادی چھوڑنے کیلئے کہہ دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر ٹیم کے مینٹر عرفان پٹھان ، کوچ ملاپ میوڑا اور ٹرینر سدرشن وی پی کے ساتھ وہ سبھی سلیکٹرس جو وادی کے نہیں ہیں ، انہیں اتوار کو شہر سے چلے جانے کیلئے کہا گیا ہے۔اسی کے ساتھ جے کے سی اے نے سبھی عمر اور گروپ سے جموں کے کرکٹرس کو واپس ان کے گھر بھیج دیا ہے ، جو سری نگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں ٹریننگ کررہے تھے۔ جے کے سی اے نے پٹھان اور دیگر اسٹاف کو جموں وکشمیر چھوڑنے کیلئے کہا ہے۔ وہ اتوار کو وادی سے اڑان بھریں گے درشن سابق ہندوستانی فٹنس ٹرینر ہیں جبکہ میوڑا بڑودہ کے سابق کھلاڑی ہیں۔ جے کے سی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر سید اشفاق حسین بخاری نے دی نیو انڈین ایکسپریس کو اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پٹھان اور دیگر سبھی سپورٹ اسٹاف کو جموں و کشمیر چھوڑنے کیلئے کہہ دیا گیا ہے۔ وہ لوگ اتوار کو وادی سے چلے جائیں گے۔ علاوہ ازیں جو بھی سلیکٹرس وادی سے تعلق نہیں ر کھتے ہیں ، انہیں بھی اپنے گھر جانے کیلئے کہہ دیا گیا ہے۔بخاری نے کہا کہ ہم نے جموں کے تقریبا 102 کھلاڑیوں کو واپس گھر بھیج دیا ہے ، جو یہاں پر کیمپ میں تھے۔ یہاں حالات کشیدہ ہیں اور یہاں تک کہ ہمیں بھی نہیں معلوم کہ کیا ہورہا ہے ، اس لئے ہم نے کرکٹ کے پروگرام کو آگے کیلئے ملتوی کردیا ہے اور واپس شروع کرنے کیلئے صحیح وقت کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔رواں ماہ ہی گھریلو سیشن شروع ہونے والا تھا۔ جے کے سی اے نے ریاست کے کھلاڑیوں کیلئے سلیکشن میچ اور ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا تھا۔ انڈر 23 اور سینئر زمرہ میں سے منتخب کئے گئے کھلاڑیوں میں سے 8 ٹیمیں بنائی گئی تھیں۔ادھر کرکٹر پرویز رسول نے کہا کہ ہم نے منگل کو ایک سلیکشن میچ کھیلا تھا۔ جونیئرس لیول پر انڈر 19 اور انڈر 16 کرکٹرس بھی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے رہے تھے۔ وہیں ضلع دفتر کی سطح پر بھی میچ کھیلے جارہے تھے ، لیکن اچانک پیدا ہوئے حالات نے ان سبھی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کردی ہے۔