جموں کشمیر پولیس کی خصوصی ٹیم نے جگتیال کے ایک شخص کو گرفتار کرلیا

   

آرمی کیمپس کی اطلاعات کے افشاء کرنے کا شبہ ، اس واقعہ سے ضلع بھر میں ہلچل

حیدرآباد ۔ /3 مارچ (سیاست نیوز) جموں و کشمیر پولیس کی خصوصی ٹیم کی جانب سے ضلع جگتیال کے ملاپور پہونچ کر ایک مقامی فرد ایس لنگنا کو تحقیقات کے سلسلہ میں گرفتار کرنے کے پیش آئے واقعہ پر زبردست ہلچل مچ گئی اور عوام میں سراسمیگی پیدا ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ جموں و کشمیر میں آرمی کیمپس سے متعلق اطلاعات کا افشاء کرنے کے شبہ پر راکیش نامی شخص کیخلاف جموں و کشمیر کی پولیس نے کیس رجسٹر کیا اور راکیش کی تفتیش کرنے پر پولیس کو اس بات کا پتہ چلا کہ راکیش کے بینک اکاؤنٹ میں ملاپور منڈل کے کشٹاپور سے تعلق رکھنے والے ایس لنگنا نامی شخص نے گزشتہ ماہ /15 فبروری کو پانچ ہزار روپئے اور /23 فبروری کو چار ہزار روپئے جمع کروائے تھے ۔ جس کی روشنی میں جموں و کشمیر پولیس نے جموں کشمیر میں مقیم راکیش کے ملاپور منڈل کشٹاپور میں رہنے والے لنگنا کے ساتھ پائے جانے والے تعلقات کا پتہ چلانے تفتیش کرنے کے مقصد سے ہی لنگنا کو گرفتار کیا اور جموں و کشمیر پولیس اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ آر می سے متعلق اطلاعات کا کس طرح افشاء ہورہا ہے ۔ علاوہ ازیں پولیس اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے کہ راکیش کو لنگنا نے مختصر مدت میں ہی دو مرتبہ رقومات جمع کرنے کی وجہ کہا ہے ۔ ان وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے ہی جموں وکشمیر پولیس نے لنگنا کو گرفتار کرکے ملاپور پولیس اسٹیشن میں ہی تفتیش کا آغاز کیا اور بتایا جاتا ہے کہ ایس لنگنا فی الوقت ملاپور پولیس اسٹیشن میں جموں و کشمیر پولیس کی حراست میں پایا جاتا ہے ۔