جنوبی افریقہ ونڈے سیریز،پاکستانی ٹیم کا عنقریب اعلان

   

کراچی ۔3 جنوری(سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان چند دنوںمیں متوقع ہے۔ میزبان ٹیم کے ساتھ پانچ ونڈے میچز کی سیریز کا آغاز 19 جنوری کو ہوگا۔ ونڈے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ حارث سہیل فٹنس مسائل کی وجہ سے پوری سیریز سے پہلے ہی باہر ہوچکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز سے خارج ہونے والے فاسٹ بولر محمد عامر کی واپسی کے ساتھ محمد رضوان، اور عابدعلی کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔ فاسٹ بولر محمد عباس کی ٹیم میں شمولیت ان کی ٹسٹ میچ میں کارکردگی سے مشروط ہے۔ فاسٹ بولر جنید خان اور آصف علی کے لئے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل دکھائی دے رہاہے۔ فخرزمان،امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، سرفراز احمد،شعیب ملک، محمد رضوان، عابد علی ،شاداب خان،فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر،عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی،عثمان شنواری اور محمد عباس ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ونڈے میچز 19، 22، 25، 27 اور 30 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔