جنوبی ریاستوں کے مختلف علاقوں میں طوفان ،شدید بارش کا امکان

,

   

چینائی : خلیج بنگال سے متصل علاقوں اور جنوبی انڈومان کے سمندر پر ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کا امکان ہے ۔ جنوبی ریاستوں کے مختلف علاقوں میں طوفان دوبارہ سرگرم ہورہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان ٹاملناڈو کی ساحل کی طرف پیشرفت کررہا ہے ۔ اس کا اثر جنوبی ریاستوں کے مختلف حصوں میں ہوگا ۔ یکم ڈسمبر کے بعد سے شدید بارش کا امکان پایا جاتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ /2 ڈسمبر کو جنوبی ٹاملناڈو کے ساحل پر طوفانی بارش ہوگی ۔ اس کے اثر سے پاڈیچری ، کیرالا ، لکشادیپ ، جنوب ساحلی آندھراپردیش اور جنوبی رائلسیما میں بھی منگل اور چہارشنبہ کو شدید بارش ہوگی ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ ان ایام میں ٹاملناڈو ، پاڈیچری اور پریکل مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور بجلی کے امکانات ہیں ۔ واضح رہے کہ دو دن قبل ہی طوفان نیوار سے ٹاملناڈو اور پاڈیچری کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش ہوئی تھی اس کا اثر آندھراپردیش اور تلنگانہ میں بھی دیکھا گیا۔ چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی نے طوفان سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے بھی کیا ہے ۔