جنوبی کوریا کا خودکش ڈرون بحری مشق کے دوران فیل لانچ کے چند سیکنڈ بعد سمندر میں جاگرا

   

سیول۔ 30 اگست (ایجنسیز) جنوبی کوریا میں مقامی طور پر تیار کیا گیا جدید خودکش ڈرون بحری جنگی مشق کے دوران لانچ ہوتے ہی فیل ہوگیا اور چند سیکنڈ بعد سمندر میں جاگرا۔یونہاپ کے مطابق یہ ڈرون جنوبی ساحلی شہر بوسان کے قریب سمندر میں ایک ایمفیبیئس اسالٹ شپ سے لانچ کیا گیا تھا۔ مشق کے دوران ڈرون کو پانی میں موجود ایک کشتی کو نشانہ بنانا تھا۔جنوبی کوریا کی ایجنسی فار ڈیفنس ڈیولپمنٹ کے مطابق لانچ ٹیوب کے نچلے حصے کے بائیں دروازے کی الائنمنٹ میں خرابی کے باعث ڈرون کا توازن متاثر ہوا۔ لانچ کے فوراً بعد یہ دائیں جانب مڑا اور سمندر میں جاگرا۔اے ڈی ڈی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ خرابی ڈرون کو اسمبل کرنے یا لانچر کو منتقل کرنے کے دوران پیدا ہوئی، تاہم واقعہ کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔