جنوبی ہند میں انڈیا اتحاد کو برتری، 130 میں 60 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی

,

   

بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو 38 نشستوں پر کامیابی، تلنگانہ میں کانگریس کو 9 اور بی جے پی کو 5 نشستوں پر کامیابی کا امکان
( انڈیا ٹی وی۔ CNX اوپینین پول )

حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں مختلف میڈیا اداروں کی جانب سے اوپینین پول نتائج جاری کئے جارہے ہیں۔ انڈیا ٹی وی اور CNX کے تازہ ترین اوپینین پول میں جنوبی ہند کی ریاستوں میں کانگریس زیر قیادت انڈیا اتحاد کو برتری کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ جنوبی ہند کی ریاستوں میں لوک سبھا کی جملہ 130 نشستیں ہیں جن میں کانگریس زیر قیادت انڈیا اتحاد کو 60 نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں۔ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے اتحاد کو 38 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ باقی نشستوں پر وائی ایس آر کانگریس، تلگودیشم، انا ڈی ایم کے، بی آر ایس اور مجلس جیسی جماعتوں کو 32 نشستیں حاصل ہوں گی۔ سروے میں ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے کو 20، انا ڈی ایم کے اور بی جے پی کو فی کس 4 ، کانگریس کو 6 پی ایم کے کو ایک نشست حاصل ہوسکتی ہیں۔ اوپینین پول کے مطابق ٹاملناڈو کی جملہ 39 نشستوں میں ڈی ایم کے زیر قیادت اتحاد کو 30 نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں جبکہ این ڈی اے 5 اور انا ڈی ایم کے 4 نشستوں پر کامیاب رہے گی۔ چینائی ریجن کی 6 نشستوں میں انڈیا اتحاد کو 5 اور انا ڈی ایم کے کو ایک نشست حاصل ہوگی۔ نارتھ ٹاملناڈو کی 7 نشستوں میں انڈیا اتحاد 6 اور این ڈی اے کو ایک نشست کا امکان ہے۔ ویسٹ ٹاملناڈو کی 9 نشستوں میں انڈیا اتحاد 6 ، این ڈی اے 2 اور انا ڈی ایم کے کو ایک نشست حاصل ہوگی۔ ساؤتھ ٹاملناڈو کی 10 میں انڈیا اتحاد 7 ، این ڈی اے 2 اور انا ڈی ایم کے کو ایک نشست حاصل ہوسکتی ہے۔ کاویری ڈیلٹا علاقہ کی 7 نشستوں میں انڈیا اتحاد 6 اور انا ڈی ایم کے ایک نشست پر کامیاب رہے گی۔ انڈیا اتحاد میں کانگریس، ڈی ایم کے، سی پی آئی، سی پی ایم، مسلم لیگ اور دیگر چھوٹی پارٹیاں شامل ہیں۔ این ڈی اے میں بی جے پی، پی ایم کے اور دیگر پارٹیاں شامل ہیں۔ کرناٹک میں جہاں کانگریس کی حکومت ہے وہاں جملہ 28 نشستوں میں بی جے پی اور اس کی حلیف جنتادل سیکولر کو 24 نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی۔ بی جے پی 22 اور جنتا دل سیکولر 2 نشستوں پر کامیاب ہوگی۔ کانگریس کو 4 نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ نارتھ کرناٹک کی 11 نشستوں میں این ڈی اے 9 اور انڈیا اتحاد 2 ، کوسٹل کرناٹک کی 3 نشستوں پر این ڈی اے، سدرن کرناٹک کی 9 میں این ڈی اے 8 اور انڈیا اتحاد کو ایک نشست حاصل ہوگی۔ بنگلورو کی 5 نشستوں میں این ڈی اے 4 اور انڈیا اتحاد کو ایک نشست حاصل ہوگی۔ آندھرا پردیش کی 25 لوک سبھا نشستوں میں برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو 15 اور تلگودیشم کو 10 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ رائلسیما کی 7 نشستوں میں وائی ایس آر کانگریس 5 اور تلگودیشم کو 2 نشستیں حاصل ہوں گی۔ تلنگانہ کی 17 لوک سبھا نشستوں میں کانگریس 9 پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ بی جے پی 5 اور بی آر ایس 2 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ مجلس کو ایک نشست حاصل ہوگی۔ علاقائی نشستوں کی بنیاد پر گریٹر حیدرآباد کی 4 میں بی جے پی، بی آر ایس، کانگریس اور مجلس کو ایک ، ایک نشست حاصل ہوگی۔ لوور تلنگانہ کی 6 نشستوں میں کانگریس 4 ، بی جے پی ایک اور بی آر ایس ایک پر کامیاب ہوگی۔ اپر تلنگانہ کی 7 میں کانگریس 4 اور بی جے پی 3 پر کامیاب ہوسکتی ہے۔ کیرالا میں برسراقتدار لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ اور انڈیا الائنس کو 17 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی جبکہ جملہ 20 نشستوں میں باقی 3 پر بی جے پی کامیاب ہوگی۔ کانگریس اور بائیں بازو محاذ کو 11 جبکہ سی پی ایم زیر قیادت محاذ کو 6 نشستیں مل سکتی ہیں۔ پوڈیچیری کی واحد لوک سبھا نشست پر بی جے پی کامیاب ہوگی۔1