جنوبی یمن میں حوثیوں کے ڈرون حملے ،تین فوجی ہلاک

   

عدن: حوثیوں نے یمن کے جنوبی صوبے دھلیہ میں ڈرون حملہ کیا جس میں تین یمنی فوجی مارے گئے ۔ ایک فوجی افسر نے جمعہ کو خبر رساں ایجنسی ژنہوا کو یہ اطلاع دی۔اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ دھماکے سے لدے ایک حوثی ڈرون نے شمال مغربی علاقے دھلیہ میں سرکاری فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں تین فوجی ہلاک اور چھ دیگر شدید زخمی ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں حوثیوں نے جنوبی علاقوں میں سرکاری فورسیز کے خلاف ڈرون اور میزائلوں سے حملے تیز کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے ڈرون حملے حوثیوں کی طرف سے پڑوسی علاقوں میں تعینات ہمارے فوجیوں پر کئے گئے ، لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حوثیوں نے پیر کو جنوب مشرقی صوبے حضرموت میں سرکاری فورسز کے زیر کنٹرول آئل پورٹ پر ڈرون حملہ کیا تھا۔حملے کے بعد یمن کے وزیر اعظم معین عبدالمالک نے کہا کہ حوثیوں کا بڑھتا ہوا تشدد جنگ زدہ عرب ملک میں امن کی کوششوں کے لیے خطرہ ہے ۔یمن 2014 کے اواخر سے خانہ جنگی کی زد میں ہے ، جب ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے ملک کے کئی شمالی شہروں پر دھاوا بول دیا اور یمن کی حکومت کو دارالحکومت صنعا سے بے دخل کر دیا تھا۔