جنگ بندی خلاف ورزیوں پر پاکستان میں ہندوستانی سفارتکار کی طلبی

   

اسلام آباد 16 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج تین دن میں تیسری مرتبہ ہندوستان سے احتجاج درج کروایا ہے اور الزام عائد کیا کہ ہندوستانی افواج کی جانب سے لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہے ۔ دفتر خارجہ میںہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلوالیہ کو طلب کرتے ہوئے لیپا اور بٹال سیکٹرس میں بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ اس فائرنگ میں ایک سکیوریٹی اہلکار اور دو عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے ہندوستان سے کہا کہ وہ اپنی افواج کو جنگ بندی کے احترام کی ہدایت دے ۔ لائین آف کنٹرول پر امن برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو چاہئے کہ اقوام متحدہ فوجی مبصرین کے گروپ کو یہاں دورہ کرنے کی اجازت بھی دی تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے ۔پاکستان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جو قرار دادیں ہیں ان میں اس کی گنجائش موجود ہے ۔