جولی اورگایتری کی شاندار واپسی، سیمی فائنل میں داخل

   

نئی دہلی، 21 اگست (آئی اے این ایس) ٹریزہ جولی اورگایتری گوپی چند نے بی ڈبلیو ایف ورلڈ چمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر4 جوڑی جیا یی فان اور ژانگ شو شیان کے خلاف شاندار واپسی کرتے ہوئے 16-21، 21-15، 21-13 سے کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے ساتھ ہندوستان کے لیے ایونٹ کا پہلا میڈل بھی یقینی بنا دیا۔چینی جوڑی کے خلاف پہلا گیم ہارنے کے بعد ہندوستانی جوڑی نے زبردست واپسی کی اور70 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں مسلسل دوگیمز جیت کر فتح اپنے نام کی۔ یہ جیا یی فان اور ژانگ شو شیان کے خلاف ٹریزہ اور گایتری کی پہلی کامیابی بھی ہے۔ کامیابی کے بعد ٹریزہ نے کہا کہ وہ سیمی فائنل میں پہنچنے اور میڈل یقینی بنانے پر بہت خوش ہیں، تاہم ان کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا اور اگلے میچ میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ انہوں نے کامیابی میں ٹیم ورک اور نئی دہلی میں موجود گھریلو شائقین کے بھرپور تعاون کو بھی اہم قرار دیا۔ ٹریزہ نے بتایا کہ قومی چیف کوچ اور سابق عظیم بیڈمنٹن کھلاڑی پلیلا گوپی چند نے مشکل مرحلے میں انہیں پرسکون رہنے اور موجودہ لمحے پر توجہ مرکوز رکھنے کا مشورہ دیا، جس سے انہیں مقابلہ پلٹنے میں مدد ملی۔ گایتری نے بھی کہا کہ پہلے گیم میں مشکلات کے باوجود دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو پرسکون رہنے کا مشورہ دیا اور درست وقت کا انتظارکرتے ہوئے پوائنٹس حاصل کیے۔ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ چین کی ٹاپ سیڈ جوڑی لیو شینگ شو اور تان ننگ سے ہوگا۔ اس کامیابی کے ساتھ ٹریزہ اور گایتری ورلڈ چمپئن شپ میں میڈل جیتنے والی صرف دوسری ہندوستانی خواتین ڈبلز جوڑی بن گئی ہیں۔ اس سے قبل 2011 میں جوالا گٹا اور اشونی پونپا نے برونز میڈل حاصل کیا تھا۔ گایتری نے اپنے والد پلیلا گوپی چند کی مسلسل حمایت کو بھی اپنے لیے خاص قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میچوں کے دوران ان کی موجودگی اور رہنمائی بہت بڑا سہارا ہے۔ گھریلو شائقین کے بھرپور جوش و خروش نے بھی ہندوستانی جوڑی کی حوصلہ افزائی کی۔ گایتری نے کہا کہ شائقین کی مسلسل حوصلہ افزائی، نعروں اور حمایت نے انہیں اعتماد دیا اور مقابلے میں واپسی کے لیے اضافی توانائی فراہم کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کا کام ابھی باقی ہے اور وہ ملک کے لئے سنہری کامیابی حاصل کرنے کی خواہاں ہیں اور اس کے لئے وہ پر عزم ہے ۔