جوکووچ،زیروف،سرینا اور ہالیپ کی پیشقدمی،وینس کو شکست

   

ملبورن۔ 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک سربیائی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کو آسٹریلین اوپن میں پہلی مرتبہ سیٹ گنوانا پڑا لیکن اس کے باوجود انہوں نے نوجوان ابھرتے کھلاڑی ڈینس شاپا لووا کے خلاف 6-3 ، 6-4 ، 4-6، 6-0 سے کامیابی حاصل کی۔ تیسرے سیٹ میں 3-0 کی سبقت حاصل کرنے کے باوجود جوکووچ اچانک 25 ویں درجہ کے کینیڈا کے کھلاڑی کے خلاف سیٹ گنوا بیٹھے جس کے لئے انہوں نے فلوڈ لائیٹ کو قصوروار قرار دیا کیونکہ اس کی تیز روشنی سے وہ اپنے کھیل پر توجہ برقرار نہیں رکھ پائے۔ اس ضمن میں اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 14 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپین جوکووچ نے کہا کہ شام کے 5 بجے ہی لائٹوں کو کھول دینے کوئی عقل مندی نہیں ہے۔ انہوں نے شائقین سے بھی سوال کیا کہ کیا آپ کو گیند دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ مجھے تو واضح دکھائی دے رہی تھی۔ اس سیٹ کے دوران جوکووچ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر انتباہ بھی دیا گیا۔ دوسری جانب باصلاحیت 19 سالہ شاپالووا نے اس موقع پر کا فائدہ نہیں اٹھایا اور چوتھے سیٹ میں وہ ایک بھی گیم اپنے نام نہیں کرپائے۔ دیگر مقابلوں میں ایک اور نوجوان کھلاڑی جرمنی کے الیگزینڈر زیرف نے مقامی کھلاڑی بولٹ کو راست سیٹوں میں 6-3، 6-3، 6-2 سے شکست دی۔ ٹورنمنٹ میں غیرمعمولی سرویس کرنے والے ماؤلس رونک نے ہر برٹ کے خلاف 6-4، 6-4، 7-6(6) سے شکست دی۔ جاپانی کھلاڑی کائی نشی کوری نے سوسا کو مقابلہ کے سخت آغاز کے باوجود 7-6(6)، 6-1، 6-2 سے شکست دی۔ خاتون زمرے کے مقابلے میں عالمی نمبر ایک سمونا ہالیپ کا چوتھے راؤنڈ میں مقابلہ سرینا ولیمس سے ہوگا جیسا کہ انہوں نے آج کھیلے گئے مقابلے میں ان کی بڑی بہن وینس ولیمس کو 6-2 ، 6-3 سے شکست دی۔ جبکہ سرینا ولیمس نے اپنے مقابلے میں یاسٹریم سکا کو 6-2، 6-1 سے شکست دی۔ یو ایس اوپن چمپین جاپان کی اُساکا پہلا سیٹ گنوانے کے باوجود حریف کھلاڑی ہیش کے خلاف 5-7، 6-4، 6-1 کی کامیابی حاصل کی۔ ملبورن پارک میں عالمی نمبر ایک رومانیہ کے ہالیپ نے رواں سیزن میں اپنی سب سے بہترین کامیابی حاصل کی کیونکہ انہوں نے لیجنڈ وینس کو راست سیٹوں اور بہ آسانی شکست دی۔ اس کامیابی کے باوجود انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیر کو 23 مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپین سرینا ولیمس کے خلاف مقابلہ آسان نہیں ہوگا کیونکہ میں جانتی ہوں کہ وہ ایک عظیم کھلاڑی ہیں۔ دوسری جانب سرینا ولیمس نے کہا کہ وہ ہر مقابلے کو آخری مقابلہ تصور کرتے ہوئے اپنا بہترین مظاہرہ پیش کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ علاوہ ازیں جاپان کی اساکا نے 2018ء میں یہاں چوتھے راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے کے اپنے ریکارڈ کو برابر کرلیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ کافی سخت تھا اور پہلے سیٹ میں ناکامی کے بعد وہ شکست تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں تھی۔اتوار کو رافل نڈال اور ٹامس بردک کے درمیان اہم مقابلہ ہوگا جبکہ فیڈرر بھی ایکشن میں ہوںگے۔خاتون زمرے میں شاراپوا،کربر اور پٹرا کیویٹوا چوتھے راؤنڈ کے مقابلے کھیلیں گے۔