حیدرآباد ۔27۔ ستمبر (سیاست نیوز) تروپتی لڈو کی تیاری میں بے قاعدگیوں کے تنازعہ کے دوران سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی آج تروپتی کا دورہ کرنے والے تھے لیکن لمحہ آخر میں دورہ منسوخ کردیا گیا۔ جگن موہن ریڈی کے دورہ پر آندھراپردیش میں سیاسی ماحول گرما چکا تھا ۔ برسر اقتدار تلگو دیشم اور بی جے پی نے جگن کے دورہ کی مخالفت کی اور کہا تھا کہ ان کے دور حکومت میں تروملا لڈو کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے ۔ جگن نے سیاسی تنازعہ کے پیش نظر اپنے دورہ کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے پانچ مرتبہ مندر میں خصوصی ملبوسات پیش کرنے کا موقع ملا ہے۔ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں بھی وہ مندر کا دورہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے ان کے مذہب کے بارے میں سوال کیا جارہا ہے ۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور انسانیت ان کا مذہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ تروپتی مندر کے ڈکلیریشن میں بھی وہ انسانیت کو مذہب کے طور پر لکھنے کیلئے تیار ہے ۔ 1