جھارکھنڈ مکتی مورچہ نے 47ووٹوں سے تحریک اعتماد جیت لیا

,

   

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس خصوصی سیشن میں 81ممبرس نے ووٹ ڈالے ہیں
جھارکنڈ چیف منسٹر ہیمنت سورین کی زیر قیادت حکومت نے ریاستی اسمبلی میں پیر کے روز تحریک اعتماد پر 47ووٹوں سے جیت حاصل کرلی ہے۔

درایں اثناء بی جے پی اراکین اسمبلی نے تحریک کے پیش نظر والک اؤٹ کیا۔ ایک روز کے خصوصی سیشن کے دوران سورین نے کہاکہ تحریک اعتماد کی ضرورت محسوس ہوئی کیونکہ جھارکھنڈ سمیت غیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں بی جے پی ”جمہوری طور پر منتخب حکومتوں کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں“۔

انہوں نے الزام لگایاکہ بی جے پی ”انتخابات جیتنے کے لئے فسادات کو ہوا دے کرملک میں خانہ جنگی جیسی صورتحال“پیدا کررہی ہے۔اس کے فوری بعد اسمبلی کی کاروائی کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیاگیاہے۔

اسمبلی کا یہ اجلاس طلب کیاگیاجب جھارکھنڈ کابینہ نے پیر کے روز اسمبلی کاخصوصی اجلاس طلب کرنے کے لئے ایک تحریک کومنظوری دی تھی۔ خصوصی اجلاس میں شرکت کے لئے رائے پور کے ریسورٹ میں قیام کئے ہوئے یو پی اے کے اراکین اسمبلی اتوار کے روز رانچی کے لئے روانہ ہوئے۔

واضح رہے کہ بی جے پی کی جانب سے اراکین اسمبلی کی خرید ی کو روکنے کے لئے جھارکھنڈ مکتی مورچہ(جے ایم ایم) اور اس کے حمایتی اراکین اسمبلی کو کانگریس کے زیرقیادت چھتیس گڑھ کے ریسورٹ میں رکھا گیاتھا۔ذرائع کاکہنا ہے کہ جنھیں رائے پور میں رکھا گیا تھا اس میں 13کانگریس کے اراکین اسمبلی اور جے ایم ایم کے 18اراکین اسمبلی ہیں۔

مذکورہ اراکین اسمبلی ایک رات سرکٹ ہاوز میں گذاری اور صبح دس بجے کے قریب جھارکھنڈ ایوان اسمبلی کے ایک روز سیشن میں شرکت کے لئے صبح 10بجے روانہ ہوگئے۔