جیسوال کی شاندار سنچری کے باوجود ہندوستان کو 6 وکٹوں کا نقصان

   

بشیر اور ریحان کی شاندار بولنگ ،پہلے دن میزبان 336/6

وشاکھاپٹنم۔انگلینڈ کے نوجوان اسپنرس خاص کر اپنے کرئیر کا پہلا ٹسٹ کھیلنے والے شعیب بشیر اور ریحان احمد نے جہاں شاندار بولنگ کی وہیں ہندوستان کیلئے بھی نوجوان اوپنر جیسوال نے ایک یادگار سنچری بناتے ہوئے ہندوستان کو مکمل تباہی سے بچا لیا جبکہ پہلے دن کے اختتام پر بیٹنگ کیلئے ساز گار وکٹ پر ہندوستان نے 6 وکٹوں کے نقصان کے بعد 336 رنز اسکور کئے ہیں ۔میزبان ٹیم کے مجموعی اسکور میں بائیں ہاتھ کے اوپنر جیسوال کے 179 رنز موجود ہیں ۔جیسوال نے اپنی دوسری ٹسٹ سنچری میں 257 گیندوں کا سامنا کیا اور اس دوران انہوں نے 17 چوکے اور 5 چھکے لگائے ۔ قبل ازیں ہندوستان کے کپتان روہت شرما نے بیٹنگ کیلئے ایک انتہائی سازگار وکٹ پر ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی وکٹ کیلئے انہوں نے جیسوال کے ساتھ مل کر 40 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ اس موقع پر بشیر کے کرئیر کا وہ یادگار لمحہ آیا جب انہوں نے حریف کپتان روہت کو اولی پوپ کے ہاتھوں 14 رنز کے انفرادی اسکور پر آوٹ کیا ۔ نمبر تین پر شبھمن گل ایک مرتبہ پھر ناکام رہے جنہوں نے اینڈرسن کا شکار بننے سے قبل 46گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 34 رنز اسکور کئے ۔ ہندوستان کیلئے تیسرا بڑا انفرادی اسکور پہلا ٹسٹ کھیلنے والے رجت پٹی دار نے بنایا جیسا کہ انہوں نے تین چوکوں کی مدد سے 32 رنز اسکور کئے ۔ دیگر بیٹرس میں شریاس ایر 27 ، اکشر پٹیل 27 اور وکٹ کیپر بھرت نے 17 رنز اسکور کئے ۔ انگلینڈ کیلئے شعیب بشیر اور ریحان احمد نے فی کس دو وکٹیں حاصل کی جبکہ اینڈرسن اور ہارٹلی نے ایک ایک وکٹ لی ۔
جوزف کو شاندار بولنگ کا صلہ مل گیا
جمائیکا ۔ آسٹریلیا کے خلاف یادگار بولنگ کرنے والے ویسٹ انڈیزکے فاسٹ بولر شمر جوزف کو کنٹریکٹ مل گیا۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز نے فاسٹ بولر شمر جوزف کو ترقی دے دی۔ انہیں فرنچائز سے بورڈکا انٹرنیشنل ریٹینر کنٹریکٹ مل گیا ہے۔ اس حوالے سے کرکٹ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فیصلہ شمر جوزف کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار بولنگ کی وجہ سے کیا گیا ہے، برسبین میں تاریخی کامیابی میں شمر جوزف نے اہم کردار ادا کیا۔ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شمر جوزف میں غیر معمولی صلاحیت ہے، انہیں ترقی دے کر خوشی ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا میں 27 برس بعد ٹسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے جس میں جوزف نے ایک اننگز میں 7 وکٹیں لی۔