جیش محمد کے خلاف سلامتی کونسل میں فرانس کی تجویز

   

پیرس۔ 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) فرانس حکومت نے دہشت گرد تنظیم جیش محمدکے سربراہ مولانا مسعوو اظہر کو ‘عالمی دہشت گرد’ قرار دیئے جانے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تجویز پیش کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ دوسری مرتبہ فرانس نے دہشت گرد سرغنہ اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی سمت میں قدم اٹھایا ہے ۔ اس سے قبل 2017 میں بھی فرانس، امریکہ اور برطانیہ نے مشترکہ طور پر اظہر کے خلاف کاروائی کرنے کے لیے اقدام کیا تھا جوچین کی مخالفت کی وجہ سے کامیاب نہیں ہوپایا تھا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کے صلاح کار فلپ ایٹینے نے منگل کو ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کو فون پر بتایا کہ فرانس نے اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دیے جانے کے لیے سلامتی کونسل میں تجویز پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔