جیل جانا پسند کریں گے مگر کانگریس میں شامل نہیں ہوں گے

   

کسان احتجاجی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر ای دیاکر راؤ نے سنسنی خیز ریمارکس کیا

حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سابق وزیر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ انہیں کبھی بھی کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ وہ جیل جانے کیلئے بھی تیار ہے مگر کبھی کانگریس پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے۔ پالکرتی میں منعقدہ کسان احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے یہ سنسنی ریمارکس کیا۔ ای دیاکر راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت ان کے خلاف سازش کررہی ہے۔ ٹیلیفون ٹیاپنگ کیس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ تاہم انہیں غیرضروری اس کیس میں پھنسا کر جیل بھیجنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وہ ان دھمکیوں سے ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہے۔ وہ جیل جانے کیلئے تیار ہے مگر ہرگز کانگریس میں شامل نہیں ہوں گے۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں انتخابی منشور کے ذریعہ عوام سے جو وعدے کئے ہیں، اس پر عمل آوری میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ جب ان وعدوں کی عمل آوری کے بارے میں سوال کیا جارہا ہے تو مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ ای دیاکر راؤ نے کہا کہ ان کیلئے مقدمات جیل کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ماضی میں کسانوں کیلئے وہ تین مرتبہ پولیس سے مار کھاچکے ہیں۔ جیل کو بھی جاچکے ہیں۔ ٹیلیفون ٹیاپنگ سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہوجانے والے کڈیم سری ہری کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عہدوں کیلئے پارٹیاں تبدیل کرنے کا انہیں اعزاز حاصل ہے۔ عوام نے انہیں چار مرتبہ شکست دی ہے۔ ای دیاکرر راؤ نے کہا کہ وہ 40 سالہ سیاسی تجربہ کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں اس مرتبہ لوک سبھا حلقہ ورنگل سے کڈیم کاویا کو شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کو دوبارہ ٹی آر ایس میں تبدیل کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔2